ہفتہ، 27-جولائی،2024
( 21 محرم 1446 )
ہفتہ، 27-جولائی،2024

EN

25 جولائی کو میرے لیے نہیں اپنے مستقبل کے لیے نکلنا ہے، مجھے اللہ سب کچھ دے چکا ہے

05 جولائی, 2018 16:16

چارسدہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا مقابلہ خاندانی سیاست سے ہے، خاندانی سیاست میں میرٹ نہیں جب کہ حقیقی جمہوریت میں لیڈر میرٹ پر آتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے کے پی کے ضلع چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا باچا خان چارسدہ کا بڑا لیڈر تھا، چارسدہ کے نوجوان مستقبل کے لیڈر ہیں، میں آج آپ کے مستقبل کے لیے یہاں کھڑا ہوں۔

عمران خان نے کہا چارسدہ میں پی ٹی آئی کا مقابلہ خاندانی سیاست سے ہے، یہاں باپ بیٹا کھڑے ہیں، شیرپاؤ کا بیٹا بھی ہے، مولانا فضل الرحمان کا بیٹا اور بھائی بھی سیاست میں ہیں، جو اقتدار میں آتا ہے فضل الرحمان اس کے ساتھ جڑ جاتا ہے، یہ کیا مذاق بنا لیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ زرداری کا بیٹا زمین پر ایک کلو میٹر پیدل نہیں چلا اور وزیر اعظم بننے چلا ہے، مریم نواز نے زندگی میں ایک گھنٹہ کام نہیں کیا مگر وزیر اعظم بننا چاہتی ہیں، ان دونوں بے چاروں کو کیا معلوم کہ کسان اور مزدور کس طرح محنت کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ رشتے داروں کے سوا ان کے پاس کوئی لیڈر نہیں، یہ کیسی جمہوریت ہے، معاشرہ اوپر اس وقت جاتا ہے جب میرٹ پر معاملات چلتے ہیں، ن لیگ کی مخصوص نشستیں سب رشتے داروں کو دی گئیں ہیں، جمہوریت اس لیے کام یاب نہیں کیوں کہ میرٹ نہیں خاندانی سیاست ہے۔

قوم کو تقدیر بدلنے کا موقع کبھی کبھی دیتا ہے، 25 جولائی ملک کا رخ بدلنے کا موقع ہے، پی ٹی آئی کےعلاوہ کوئی جماعت کرپشن ختم نہیں کرسکتی، کرپشن کے خلاف اداروں کو مضبوط کریں گے۔

انھوں نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ نے 25 جولائی کو میرے لیے نہیں اپنے مستقبل کے لیے نکلنا ہے، مجھے اللہ سب کچھ دے چکا ہے، انشاءاللہ 25 جولائی کو ایک نیا پاکستان دیکھیں گے۔

عمران خان نے کہا کل عدالتی فیصلہ آ رہا ہے اور نواز شریف لندن سے کہتا ہے فیصلہ مؤخر کردو، وہ قوم کا مجرم ہے، اربوں روپیا چوری کیا، نواز اور زرداری کی جائیدادیں بڑھ گئیں، نیب نے بھی کہا 25 جولائی تک کسی کو نہیں پکڑیں گے، بتائیں کس قانون کے تحت، 25 جولائی کو ان سب کو شکست دینی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا شہباز شریف کہتا ہے لاہور کو پیرس، کراچی کو لاہور بنادوں گا، لاہور میں بارش ہوئی تو لوگوں کو معلوم ہوا ترقی صرف اشتہاروں میں ہے اور اصل امپائر خدا ہے، شہباز شریف نے بجلی، اسکول و کالج بھی اشتہاروں میں بنائے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top