مقبول خبریں
چیف جسٹس نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے 10لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کردیا
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈیموں کی تعمیر سے متعلق مختصر لیکن تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فوری طور پر تعمیر کیے جائیں۔
اپنے مختصر فیصلے میں عدالتِ عالیہ نے کالا باغ ڈیم کے حوالے سے بھی حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس کی تعمیر کے لیے ایک کمیٹی قائم کی جائے۔
ملک میں ڈیموں کی تعمیر سے متعلق سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ سنا دیا ہے، عدالت نے حکم دیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے ڈیموں کی تعمیر سے متعلق اقدامات کریں۔
عدالت نے حکم دیا کہ ڈیموں کی تعمیر کے لیے ایک خصوصی اکاؤنٹ بھی کھولا جائے، فیصلے کے مطابق یہ اکاؤنٹ سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے نام پر پر کھولا جائے گا۔
ڈیموں کی تعمیر کے لیے کھولے جانے والے خصوصی اکاؤنٹ میں عوام عطیات اور فنڈ جمع کراسکیں گے، اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ عطیات اور فنڈ دینے والوں سے ذرائع آمدن نہ پوچھے جائیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے پہل کرتے ہوئے ڈیم کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔