ہفتہ، 27-جولائی،2024
( 21 محرم 1446 )
ہفتہ، 27-جولائی،2024

EN

پی ایس پی کی وجہ سے لاشیں گرنا بند ہوگئیں، ہمارے سمجھانے پر نوجوانوں نے اسلحے کے ذخیرے پولیس کو دئیے

09 جولائی, 2018 15:18

کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والے بتائیں کون ان کے ساتھ زیادتی کررہا ہے، آپ لوگ مہاجروں کے ساتھ زیاددتی کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا، مصطفی کمال نے کہا کہ انتظامیہ تبدیل ہوچکی ہے، بتایا جائے کون زیادتی کررہا ہے، الزام لگاتے تھے کہ ہم مہاجروں کے دشمنوں کے پاس جارہے ہیں، ہماری کوششوں سے شہدا قبرستان میں تالے لگ گئے ہیں، کسی معصوم غریب ماں کا بیٹا مر کر وہاں نہیں گیا۔

انہوں نے کہا کہ متعدد بلدیاتی نمائندے پی ایس پی میں شامل ہورہے ہیں ہمارے نظریے سے متاثر ہوکر یہ پی ایس پی میں شامل ہورہے ہیں، پی ایس پی کی وجہ سے لاشیں گرنا بند ہوگئیں، ہمارے سمجھانے پر نوجوانوں نے اسلحے کے ذخیرے پولیس کو دئیے۔

مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹنکی گراؤنڈ میں بلاول بھٹو نے جلسہ کرلیا تو ان کی غیرت جاگ گئی ان کی غیرت تب نہیں جاگی جب ٹنکی گراؤنڈ کے باہر کچرا پڑا ہوا تھا، ٹنکی گراؤنڈ کے مکینوں کو پانی نہیں ملتا تھا جب ان کی غیرت نہیں جاگی، بلاول نے جلسہ کرلیا تو انہوں نے جاگ مہاجر جاگ کا نعرہ لگادیا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے ہم پر الزام لگاتے تھے ہم مہاجروں کے دشمنوں کے پاس جارہے ہیں اور اپنے کارکنوں کو ورغلاتے تھے کہ پی ایس پی میں نہ جاؤ، بھائی ہم دشمنوں کے پاس نہیں جارہے تھے ہم نفرتیں ختم کرنے جارہے تھے، پختونوں، پنجابیوں، بلوچی، سندھیوں کے پاس جاکر اپنے لیے مراعات نہیں مانگی بلکہ جو دشمنیاں تھیں ان کو ختم کیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ شہر قائد میں لوگ لاپتہ ہیں ہم نہیں ہوتے تو تین ہزار لوگ لاپتہ ہوتے، ہزاروں لوگوں کی گرفتاریاں ہوتیں اور مائیں اپنے بچوں کو ڈھونڈ رہی ہوتیں مگر اب یہ سلسلہ رک گیا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top