مقبول خبریں
پاک فوج کا سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی کیخلاف تحقیقات کا حکم
راولپنڈی: پاک فوج نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
جی نیوز کے مطابق سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی اپنی کتاب ’’دا اسپائی کرونیکلز‘‘ کے متنازع مندرجات کی وضاحت کے لیے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی پیش ہوئے۔
بعد ازاں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی کو ان کی کتاب ’’دا اسپائی کرونیکلز‘‘ کے مندرجات سے متعلق وضاحت کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
’’ تحقیقات کی سربراہی حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل کریں گے ‘‘
ڈی جی آئی ایس پی آر کی ٹوئٹ کے مطابق معاملے کی تفصیلی تحقیقات کے لیے کورٹ آف انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے جس کی سربراہی حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل کریں گے، اس کے علاوہ اسد درانی کانام ای سی ایل میں ڈالنےکے لیے مجازاتھارٹی سے بھی رابطہ کرلیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے 25 مئی کو اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ اسد درانی نے اپنی کتاب میں بہت سے موضوعات حقائق کے برعکس بیان کیے ہیں،
Lt Gen Asad Durrani, Retired was called at GHQ today to explain his position on recently launched book ‘Spy Chronicles’. A formal Court of Inquiry headed by a serving Lt Gen has been ordered to probe the matter in detail. Competent authority approached to place his name on ECL.
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) May 28, 2018
ان کے اس عمل کو فوجی ضابطہ کار کی خلاف ورزی کے طور پر لیا گیا ہے اور ان قوائد کا اطلاق حاضر سروس اور (ریٹائرڈ) تمام فوجی اہلکاروں پر ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) اسد درانی نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سربراہ اے ایس دولت کے ساتھ ’دا اسپائی کرونیکلز‘ کے نام سے کتاب لکھی ہے جس میں ایبٹ آباد آپریشن، مقبوضہ کشمیر اور کارگل سمیت دیگر معاملات کو بیان کیا گیا ہے۔