بدھ، 9-اکتوبر،2024
بدھ 1446/04/06هـ (09-10-2024م)

عمران خان سے ملاقات کے بعد ڈاکٹر لیلی پروین نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی

06 جولائی, 2018 13:38

کراچی: ایم کیو ایم کی مرکزی رہنما ڈاکٹر لیلیٰ پروین نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کر کے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین انتخابی سرگرمیوں کے سلسلے میں کراچی پہنچے اور دو روز تک قیام کے دوران مختلف علاقوں میں انتخابی مہم چلائی۔

ایم کیو ایم کی مرکزی رہنما اور سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کی رکن ڈاکٹر لیلیٰ پروین نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا جس پر عمران خان نے انہیں خوش آمدید کہا اور شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ماضی میں کوئی بھی شخص ایم کیو ایم سے تحریک انصاف میں شامل نہیں ہوسکتا تھا کیونکہ سب کو اپنی جان کا خوف تھا مگر اب شہر کی سیاسی صورتحال بہت زیادہ تبدیل ہوگئی‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے لوگ آج علی اعلان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کررہے ہیں، ڈاکٹر لیلی پروین کی شمولیت تبدیلی کا نشان ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی میں قیام کے دوران مختلف علاقوں کے دورے کیے اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اگر اپنے حالات بہتر بنانا چاہتے ہیں تو پی ٹی آئی کے نشان پر مہر لگائیں۔

خیبرپختونخواہ کے ہزارہ بیلٹ سے تعلق رکھنے والی ایم کیو ایم کی سابق رہنما ڈاکٹر لیلیٰ پروین نے 2013 میں متحدہ میں شمولیت اختیار کی تھی، قبل ازیں وہ بابا حیدر زمان کے ساتھ تحریک صوبہ ہزارہ میں شامل تھیں۔

ایم کیو ایم میں شمولیت کے بعد ڈاکٹر لیلیٰ پروین کو مختلف مرکزی عہدوں پر ذمہ داریاں دی گئیں، بعد ازاں انہیں سینٹرل ایگزیکٹو کونسل میں شامل کیا گیا تھا۔

ایم کیو ایم کی ڈاکٹر لیلی پروین کی تحریک انصاف میں شمولیت تبدیلی کا نشان ہے
ایم کیو ایم کی ڈاکٹر لیلی پروین کی تحریک انصاف میں شمولیت تبدیلی کا نشان ہے

خاتون رکن اسمبلی ارم عظیم فاروقی کی لاتعلقی کے بعد ایم کیو ایم نے ڈاکٹر لیلیٰ پروین کو مخصوص نشست پر سندھ اسمبلی کا امیدوار بنانے کا فیصلہ بھی کیا تھا تاہم منحرف رکن نے اپنی نشست سے استعفیٰ نہیں دیا تھا۔

تیئس اگست کے بعد ڈاکٹر لیلیٰ پروین نے ایم کیو ایم لندن اور بانی سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے متحدہ پاکستان کے ساتھ سیاسی سفر جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

متحدہ رہنماؤں میں 5 فروری کو سامنے آنے والے تنازعات کے بعد خاتون رہنما نے دونوں دھڑوں سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے خاموشی اختیار کرلی تھی جس کے بعد وہ گزشتہ روز کپتان کے ساتھ منظر عام پر آئیں

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top