مقبول خبریں
جیل میں ٹرائل دہشت گردوں کا ہوتا ہے
لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ جیل میں نواز شریف کا ٹرائل کر کے نگراں حکومت نے انصاف کی دھجیاں اڑا دیں، جیل میں ٹرائل دہشت گردوں کا ہوتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف تو مشرف دور میں بھی جیل میں ٹرائل نہیں ہوا، کل نگراں حکومت نے لاہور میں خوف و دہشت کی فضا پیدا کی۔
صدر ن لیگ نے کہا کہ سانحہ مستونگ میں بھارت ملوث ہے، دہشت گردی کے واقعات پر پوری قوم سوگوار ہے، بھارت پہلے بھی پاکستان میں امن کی صورت حال خراب کرنے میں ملوث رہا۔
شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ ریلی اور جلوس میں ایک لائٹ اور گملہ تک نہیں ٹوٹا، کسی کو ایک خراش تک نہیں آئی، جب کہ پولیس نے کارکنوں پر ڈنڈے برسائے اور آنسو گیس پھینکی۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے میڈیا سے بھی شکوہ کیا، کہا ’کل میڈیا نے مسلم لیگ ن کی ریلیوں کی کوریج کا بائیکاٹ کیا، دوسری طرف نگراں حکومت نے ہمارے سیکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا۔‘