مقبول خبریں
بلوچستان عوامی پارٹی کے سراج رئیسانی سمیت 26 افراد جاں بحق
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے امیدوار کے قافلے میں بم دھماکے سے امیدوار سراج رئیسانی سمیت 26 جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
سیکریٹری داخلہ بلوچستان حیدرعلی شکوہ کا کہنا تھا کہ مستونگ میں ہونے والے دھماکے میں نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت کم ازکم 26 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر مستونگ کے مطابق سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی اور بی اے پی کے انتخابی امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی اپنی انتخابی مہم کے دوران قافلہ کے ساتھ درینگڑھ کے علاقے سے گزر رہے تھے کہ قریب ہی زور دار دھماکا ہوا۔
بعد ازاں ڈی پی او مستونگ کی تصدیق کی کہ سراج رئیسانی دم توڑ گئے ہیں اور دیگر 19 بھی جاں بحق ہوگئے ہیں اور 30 سے زائد زخمی ہیں تاہم سیکریٹری داخلہ نے 26 افراد کے دم توڑنے اور 50 سے زائد زخمی ہونے کی تصدیق کی۔
ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ دھماکے میں سراج رئیسانی شدید زخمی ہوئے ہیں اور انھیں دیگر زخمیوں کے ساتھ طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
خیال رہے کہ سراج رئیسانی بلوچستان کے حلقہ پی پی 35 مستونگ سے بی اے پی کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لے رہے تھے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی شدت بہت زیادہ تھی، جس سے پورا علاقہ گونج اٹھا تاہم لیویز ذرائع نے دھماکے کی نوعیت سے متعلق تصدیق نہیں کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات خضدار میں بلوچستان عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکا ہوا تھا جس میں 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
قبل ازیں خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سابق وفاقی وزیر اور خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی کے قافلے کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے تاہم سابق وزیر محفوظ رہے۔