ہفتہ، 27-جولائی،2024
( 21 محرم 1446 )
ہفتہ، 27-جولائی،2024

EN

اتنے بڑے حملے کے بعد مالا کنڈ والوں کی جان خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتا

14 جولائی, 2018 18:25

پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے بعد سیاسی سرگرمیاں 2 دن کے لیے معطل کردی ہیں جبکہ آج مالا کنڈ میں ہونے والا جلسہ بھی ملتوی کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ مالا کنڈ جائیں گے اور کارکنان سے ملیں گے۔ سانحہ مستونگ کے بعد مالا کنڈ میں جلسہ ملتوی کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے حملے کے بعد مالا کنڈ والوں کی جان خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتا۔ دہشت گردی پر مسئلے کا حل نہیں نکالا جا سکا۔ اے این پی اور بی اے پی انتخابی مہم جاری رکھ نہیں پائے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ ہمیں لیول پلے فیلڈ نہیں مل رہا۔ خیبر پختونخواہ میں قبل از انتخابات دھاندلی ہو رہی ہے۔ ’ہم میں اور دوسری سیاسی جماعتوں میں فرق کیا جا رہا ہے۔ ہم اور پارٹی مشکل حالات کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک اداروں کو مضبوط نہیں کیا جاتا پارلیمنٹ سے مسائل کا حل نکالنا مشکل ہوتا ہے، جب سے کراچی سے نکلا ہوں مختلف مشکلات کا سامنا ہے۔ ہمیں کوریج اور توجہ مناسب طرح سے نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بھی ہمیں دوسری طرح سے روکنے کی کوشش کی گئی، پشاور میں میری پرواز کو آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ’میں سیکیورٹی صورتحال کو
بہت سنجیدگی سے لیتا ہوں، لیکن لیول پلیئنگ فیلڈ دینی چاہیئے، انتخابی مہم کیسے چلائیں گے۔

بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی کبھی بھی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، ہمارے جو بھی خدشات ہیں وہ ہم پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔ دہشت گردی کے واقعات بہت سنجیدہ ہیں، ان کی مذمت کرنی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کو کہا جا رہا ہے کہ وہ کسی کٹھ پتلی جماعت میں آجائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 120 سے زائد خاندن متاثر ہوئے ہیں ان حالات میں جلسہ نہیں کر سکتا، کوئی اور جماعت ایسا کر سکتی ہے میں نہیں کر سکتا۔ ہم نے اپنے تمام تحفظات الیکشن کمیشن تک پہنچا دیے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top