جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

غزہ جنگ کے 300 روز: اسرائیلی حملوں میں 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید

02 اگست, 2024 10:13

غزہ میں اسرائیلی جارحیت 300 روز سے جاری ہے جس کے نتیجے میں تقریبا 40 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

اسرائیل کی مسلسل بمباری میں 90 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ایک اندازے کے مطابق ہزاروں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر سے اسرائیلی حملوں میں روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً 131 فلسطینی شہید ہو رہے ہیں تاہم اس المناک ظلم کے باوجود دنیا نے بڑی حد تک آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔

اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق حماس کے جنگجوؤں نے جنوبی اسرائیل کے علاقوں پر حملے کیے جس میں 1200 افراد ہلاک اور 250 یرغمال بنائے گئے جس کے بعد اسرائیل نے غزہ میں جنگ کا آغاز کیا۔

جنگ بندی کے عالمی مطالبے کے باوجود اسرائیل نے خونریز جنگ جاری رکھی ہوئی ہے اور غزہ پر صیہونی افواج کی جانب سے 82 ہزار ٹن بارود برسایا گیا۔

گذشتہ اکتوبر سے مسلسل اسرائیلی حملوں میں غزہ کی نصف سے زیادہ عمارتیں بشمول اسپتال، گھر، ثقافتی اور مذہبی اہمیت کے سینکڑوں مقامات کو نقصان پہنچا ہے یا انہیں تباہ کیا جا چکا ہے۔

سیٹلائٹ تصاویر کے تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ غزہ میں کل ڈھانچے کا تقریبا 50 فیصد اور تقریبا 62 فیصد گھر تباہ ہوچکے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top