جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا گوادر کا دورہ،پاک امریکا تجارتی مواقعوں کا جائزہ

13 ستمبر, 2023 10:15

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاک امریکا مستقل اور مضبوط شراکت داری کے تحت بلوچستان کے عوام کے ساتھ امریکا کے عزم کو اجاگر کرنے کیلئے گوادر کا دورہ کرتے ہوئے علاقائی ترقی، تجارت اور تجارتی تعلقات کومہمیز دینے کیلئے مواقع کا جائزہ لیا۔

اس دورے کے دوران سفیر بلوم نے سیاسی رہنماؤں، گوادر ایوان صنعت و تجارت کے نمائندوں سمیت حکومتی اور نجی شعبے کے مختلف رہنماؤں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکا اور بلوچستان کے درمیان کامیاب تعلق کی طویل تاریخ ہے، گزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد امریکا نے خوراک اور اشد ضروری رقم کے ذریعے 6 لاکھ 61 ہزارافراد کی اعانت کی اور 90 ہزار بچوں کو بھوک کے خطرے سے نمٹنے کیلئے کھانا فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران بلوچستان میں امریکی اعانت سے 41 مراکز صحت کی کامیابی سے تجدید کی گئی جبکہ تعلیم کے میدان میں امریکی اعانت سے بی یو آئی ٹی ای ایم ایس اور سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں پروگراموں کو بھی فروغ دیا گیا۔

ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ امریکی تعاون سے بلوچی اور مختلف دوسری زبانوں کی تدریس اور تعلیمی مواد کو ترقی دے کر آئندہ نسل کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے بھی کوششیں کی گئیں۔

سیاسی رہنماؤں سے اپنی ملاقات میں امریکی سفیر نے بلوچستان کی ترقی کیلئے معاشی نمو، آفات سے متعلق تیاری و مدد اور سکیورٹی سمیت دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے امریکی اعانت کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ایسے اقدامات کا بھی ذکرکیا جن کے ذریعے پاکستان سرمایہ کاری کیلئے اپنے یہاں ماحول کو بہتر بنا سکتا ہے۔

گوادر کے ایوان صنعت و تجارت کے وفد سے ملاقات میں سفیر ڈونلڈ بلوم نے خطے میں کاروبار، نقل و حمل، سیاحت، ماہی گیری اور سمندر سے متعلقہ معاشی شعبوں میں امریکی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے مواقع پر بات چیت کی۔

امریکی سفیر سے ملاقات کے دوران ایوان صنعت و تجارت کے وفد نے انہیں بتایا کہ کس طرح پاکستان کی قیادت میں تمام گروہوں کی شمولیت سے کاروباری تعلقات کو فروغ دے کر بلوچستان بھر میں روزگار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے اور کس طرح کاروباری تعلقات کو وسعت دے کر بلوچستان میں تکنیکی مہارتوں میں اضافے اور دوطرفہ تجارت کوفروغ دیا جا سکتا ہے۔

حکومتی اور کاروباری رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں میں سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاک امریکا سبز اتحاد فریم ورک پر بھی بات کی جو کہ دونوں ملکوں کو مل کر ماحول، توانائی، پانی اور معاشی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دے رہا ہے۔

امریکی سفیر نے کہا کہ ہم خاص طور پر بلوچستان سمیت سارے پاکستان کو ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کی استعداد بڑھانے، متبادل توانائی اور یکساں معاشی ترقی کو فروغ دینے میں اعانت فراہم کررہے ہیں۔

یہ پڑھیں : پاکستانی صحافی کیساتھ غیرازدواجی تعلقات :سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن کیخلاف تحقیقات

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top