جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

ترکیہ: پارلیمنٹ کے باہر خود کش دھماکہ اور فائرنگ

01 اکتوبر, 2023 13:36

انقرہ: ترکیہ کے دارالحکومت میں پارلیمنٹ کے قریب مبینہ خودکش حملہ آور نے خود کو بارودی مواد سے اُڑا لیا جس کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

ترک میڈیا کے مطابق سرکاری سطح پر اس بات کی تصدیق کردی گئی کہ پارلیمنٹ میں ہونے والے اجلاس کے آغاز سے چند گھنٹوں قبل پارلیمنٹ کے نزدیک زوردار دھماکہ ہوا۔

دھماکے کی نوعیت اور مواد سے متعلق متضاد خبریں موصول ہورہی ہیں جس پر سیکیورٹی فورسز کے حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

ادھر ترک وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دو دہشت گردوں نے وزارت داخلہ کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی جس میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا اور دوسرا بھی مارا گیا۔

مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آوروں کو پارلیمنٹ میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تاہم سرکاری سطح پر تاحال دھماکے میں کسی کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی تاحال تصدیق نہیں کی گئی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زوردار دھماکے کے بعد علاقہ گولیوں کی آواز سے گونجتا رہا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ خودکش حملے کے بعد فائرنگ ہوئی۔

ابھی کسی شدت پسند تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم ترکیہ میں ہونے والے اس نوعیت کے حملوں میں زیادہ تر علیحدگی پسند کرد جماعت ملوث رہی ہے جس کے خلاف ترک فوج شام میں آپریشن بھی کر رہی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top