جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

ترکیہ نے غزہ جنگ بندی تک اسرائیل کو برآمد پر پابندی عائد کردی

09 اپریل, 2024 16:37

ترکیہ نے غزہ میں جاری جنگ بندی تک اسرائیل پر برآمداتی پابندی لگانے کا اعلان کردیا ہے۔

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق ترک وزارت تجارت نے ایک بیان میں کہا کہ جب تک غزہ میں جنگ بندی کا اعلان نہیں کیا جاتا تب تک ترکیہ اسرائیل کو اسٹیل اور جیٹ ایندھن سمیت وسیع پیمانے پر مصنوعات کی برآمدات پر پابندی عائد کرے گا۔

ترکیہ نے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور نسل کشی کے لیے اسرائیل پر مقدمہ چلانے کے اقدامات کی حمایت کی جب کہ انقرہ غزہ کے باشندوں کے لیے ہزاروں ٹن امداد بھی بھیج چکا ہے۔

تاہم، ترکیہ نے اپنے سخت بیانات کے باوجود اسرائیل کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بھی برقرار رکھا، جس کی وجہ سے داخلی رد عمل سامنے آیا۔

سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان اقدامات کا اطلاق 54 مختلف کیٹیگریز کی مصنوعات کی برآمد پر ہوگا جن میں لوہا، ماربل، اسٹیل، سیمنٹ، ایلومینیم، اینٹ، فرٹیلائزر، تعمیراتی سازوسامان اور مصنوعات، ایوی ایشن ایندھن اور دیگر شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ اس وقت تک برقرار رہے گا جب تک اسرائیل بین الاقوامی قوانین کے تحت فوری طور پر غزہ میں جنگ بندی کا اعلان نہیں کرتا اور غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کی اجازت نہیں دیتا۔

جنگ شروع ہونے کے کچھ ہی عرصے بعد ترکیہ اور اسرائیل نے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا۔

ترک ایکسپورٹرز اسمبلی (ٹی آئی ایم) کی جانب سے شائع کردہ اعداد و شمار کے مطابق اگرچہ 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیل کے ساتھ تجارت میں کمی آئی ہے تاہم 2024 میں اب تک اسرائیل کو برآمدات میں ہر ماہ اضافہ ہوا ہے اور مارچ میں اس کی مالیت 423.2 ملین ڈالر تھی۔

ٹی آئی ایم کے اعداد و شمار کے مطابق سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی برآمدات 1.1 ارب ڈالر رہیں جو سال بہ سال 21.6 فیصد کم ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top