جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

حماس کی حمایت کرنے والوں کو فوراً ختم کردینا چاہیے: اسرائیلی وزیر اتمار بن گویر

13 نومبر, 2023 14:33

غزہ میں مسلسل اسرائیلی جارحیت جاری ہے اور اسرائیل کے انتہا پسند وزیر برائے قومی سلامتی اتمار بن گویر کا کہنا ہے کہ جو کوئی بھی فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی حمایت کرے اس کو فوراً ختم کردینا چاہیے۔

امریکا اور اسرائیل میں دہشتگرد قرار دی گئی تنظیم کا حصہ رہنے والے اسرائیلی وزیر نے حال ہی میں غیر قانونی یہودی بستیوں میں 25000 ہتھیاروں کے علاوہ گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان تقسیم کیا ہے۔

اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی 7 اکتوبر کے واقعے کے بعد فلسطینی شہریوں کو گرفتار کر کے ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کر چکے ہیں۔

ٖغیر ملکی میڈیا کے مطابق اتمار بن گویر نسل پرست یہودی تنظیم کے سابق رکن تھے جس پر اسرائیل نے 1998 میں دہشتگردانہ کارروائیوں کے باعث پابندی عائد کر دی تھی جبکہ امریکا نے بھی اسے دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بن گویر کے پرتشدد عقائد کے باعث انہیں فوجی خدمات کی انجام دہی سے بھی روک دیا گیا تھا۔

اسرائیلی وزیر کیخلاف نفرت آمیز اقدامات ، اشتعال انگیز تقاریر اور نسل پرستی جیسے الزامات میں 53 فرد جرم تیار کی گئی تھیں، انہیں 2007 میں نسل پرستی اور ایک دہشت گرد تنظیم کی حمایت کے جرم میں سزا بھی سنائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ غزہ میں 37 روز سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار ایک سوسے تجاوز کر گئی ہے۔

یہ پڑھیں : غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شدت: اسپتال قبرستانوں میں تبدیل ہونا شروع

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top