منگل، 10-ستمبر،2024
( 07 ربیع الاول 1446 )
منگل، 10-ستمبر،2024

EN

پاکستان میں انتشار کی کوشش کی تو ہم اُسکے آگے کھڑے ہوں گے، آرمی چیف

08 اگست, 2024 17:50

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتشار کی کوشش کی تو رب کی قسم ہم اُسکے آگے کھڑے ہوں گے۔

نیشنل علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ اللہ کے نزدیک سب سے بڑا جرم فساد فی الارض ہے، پاک فوج اللہ کے حکم کے مطابق فساد فی الارض کے خاتمے کے لئے جد وجہد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو شریعت اور آئین کو نہیں مانتے، ہم انہیں پاکستانی نہیں مانتے، پاکستان نے 40 سال سے زیادہ عرصے تک، لاکھوں افغانیوں کی مہمان نوازی کی ہے، ہم انہیں سمجھا رہے ہیں کہ فتنۂ خوارج کی خاطر اپنے ہمسایہ، برادر اسلامی ملک اور دیرینہ دوست سے مخالفت نہ کریں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کو کہتے ہیں اگر احتجاج کرنا ہے تو ضرور کریں لیکن پر امن رہیں۔

ناموس رسالت پر بات کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے کہا کہ کسی کی ہمت نہیں جو رسول پاک ﷺ کی شان میں گستاخی کر سکے، کسی نے پاکستان میں انتشار کی کوشش کی تو رب کریم کی قسم، ہم اُسکے آگے کھڑے ہوں گے۔

اپنے خطاب میں جنرل عاصم کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی کیونکہ یہ ملک قائم رہنے کے لئے بنا ہے، اس پاکستان پر لاکھوں عاصم منیر، لاکھوں سیاستدان اور لاکھوں علما قربان کیونکہ پاکستان ہم سے زیادہ اہم ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ اگر ریاست کی اہمیّت جاننی ہے تو عراق، شام اور لیبیا سے پوچھو، علماء و مشائخ سے التماس ہے کہ وہ شدت پسندی یا تفریق کی بجائے تحمل اور اتحاد کی ترغیب دیں۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ فلسطین اور غزہ پر ڈھائے جانے والے مظالم دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، فلسطین سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہم نے اپنی حفاظت خود کرنی ہے اور پاکستان کو مضبوط بنانا ہے۔

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top