جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

اسرائیل کا ظلم جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرگئ

09 جنوری, 2024 10:11

 

غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے وحشیانہ بمباری اور نسل کشی جاری ہے،اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں 3فلسطینیوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے طولکرم شہر میں چھاپوں کے دوران فلسطینی نوجوانوں کو گولیاں ماریں۔

دوسری جانب غزہ میڈیا آفس کے مطابق 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوج غزہ سے لاکھوں ڈالر کی نقدی اور سونا چوری کرچکی ہے۔

غزہ میڈیا کے مطابق درجنوں شہریوں نے شکایات کی ہیں کہ اسرائیلی فوج نے ان کے پیسے اور سونا چرایا ہے، چوری کی گئی نقدی اور سونے کے زیورات کی مالیت 90 ملین شیکل (25 ملین ڈالر) سے زائد ہے۔

چوری کی وارداتیں مختلف طریقوں سے انجام دی گئیں، چیک پوسٹوں پر نقل مکانی کرنے والے افراد کے سامان کی تلاشی کے دوران ان کی نقدی اور زیورات چرائے گئے۔

 

 

اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے خالی کیے گئے گھروں پر بھی دھاوا بولا اور وہاں لوٹ مار کی، اس دوران بعض صیہونی فوجیوں نے تصاویر اور ویڈیوز بھی بنوائیں جنہیں سوشل میڈیا پر بھی اپلوڈ کیا گیا۔

دوسری جانب غزہ وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 23 ہزار 84 فلسطینی شہید اور 58 ہزار 926 زخمی ہوچکے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں حماس کے خلاف جنگ تمام اہداف حاصل ہونے تک نہیں روکیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے مظاہرین کی بڑی تعداد نے اسرائیلی شہر تل ابیب میں احتجاج کر کے اسرائیلی حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ حراست میں لیے گئے افراد کی رہائی کے لیے حماس کے ساتھ فوری طور پر معاہدہ کرے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے وزیراعظم نیتن یاہو کے استعفے، پارلیمنٹ کی تحلیل اور قبل از وقت انتخابات کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

یہ پڑھیں : حوثیوں کو حملوں پر نتائج کا سامنا کرنا ہوگا: امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top