جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

حقیقت یہ ہے کہ خارجہ تعلقات اپنوں نے بگاڑے ہیں: وزیراعظم

10 اگست, 2023 17:14

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خارجہ محاذ پر بہت اچھی پیشرفت ہوئی، حقیقت یہ ہے کہ خارجہ تعلقات اپنوں نے بگاڑے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی سیکریٹریز سے الوداعی ملاقات ہوئی، ملاقات میں شہباز شریف کا وفاقی سیکریٹریز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 16 ماہ کا عرصہ چیلنجز سے بھرپور تھا، عوام کی خدمت کی پختہ سوچ ہو تو اتحادی حکومت بھی چل سکتی ہے، اتحادی حکومت کے فائدے بھی ہوتے ہیں، نقصان بھی ہوتے ہیں، مخلوط حکومت بہت اچھے طریقے سے چلائی گئی، یہ تاریخ کا حصہ ہوگا کہ اتحادی حکومتیں بھی چل سکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اچھے کام کرنے والے افسران ہمیشہ بے جاتنقید کا نشانہ بنے، ایک سوچ تھی کہ عوام کےلیے کچھ کرنا ہے، جنہوں نے کمٹمنٹ کےساتھ کام کیا بدقسمتی سے وہی نشانہ بنے، مشکلات ایک سبق کے طور پر یاد رکھوں گا، مشکل سے مشکل مسائل کے حل کےلیے راستے تلاش کیے، ہم نے 10ہزار میگاواٹ سولر کا پلان بنایا، ایک جامع پروگرام بن گیا شروع میں انٹرسٹ آیا پھر کمی ہوتی گئی، اس کی بڑی وجہ سیاسی عدم استحکام اور آئی ایم ایف پروگرام تھا۔

انہوں نے کہا کہ گوادر میں جو 8 سال سے منصوبے تاخیر کا شکار تھے وہ 16 ماہ میں مکمل ہوگئے، وفاق میں بے شمار منصوبے مکمل ہونے کو تھے گزشہ 4 سال سے بند رہے، آئی ایم ایف پروگرام حاصل کرنا یہ آپ کی بہت بڑی کامیابی ہے، مجھ سے بہتر آپ جانتے ہیں آئی ایم ایف پروگرام نہ ہوتا تو کتنی تباہی ہوتی، اگر پروگرام نہ ہوتا تو حالات کتنے خستہ ہوتے اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب میں آپ نے بہترین کام کیا ہر جگہ پہنچے، خارجہ محاذ پر بہت اچھی پیشرفت ہوئی، حقیقت یہ ہے کہ خارجہ تعلقات اپنوں نے بگاڑے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top