جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

امریکی مالک مکان نے چھ سالہ فلسطینی بچے کو چاقو کے وار سے قتل کر ڈالا

16 اکتوبر, 2023 14:23

امریکہ میں پولیس نے ایک 71 سالہ شخص کو قتل اور نفرت پر مبنی جرم کے الزام میں گرفتار کیا ہے، جس نے ایک چھ سالہ فلسطین نژاد لڑکے اور اس کی ماں پر چاقو سے حملہ کیا، جس میں لڑکا ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کی 32 سالہ ماں کو شدید زخم آئے ہیں۔

شکاگو کے مضافاتی علاقے میں ول کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا کہ تفتیشی اہلکار اس بات کا تعین کرنے میں کامیاب رہے کہ اس وحشیانہ حملے میں دونوں متاثرین کو مشتبہ شخص نے اس لیے نشانہ بنایا، کیونکہ وہ مسلمان تھے۔

ول کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ لڑکے پر سات انچ کے ایک فوجی طرز کے چاقو سے 26 بار حملہ کیا گیا، جب کے 32 سالہ خاتون کو بھی چاقو کے متعدد زخم آئے اور ان کی حالات تشویش ناک ہے، تاہم توقع ہے کہ وہ زندہ بچ جائیں گی۔

ول کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے یہ بھی کہا کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان موجودہ تنازعے کی وجہ سے متاثرین کو نشانہ بنایا گیا، اس بیان کے مطابق ہفتے کی صبح اسے خاتون کی طرف سے ایک ہنگامی کال موصول ہوئی، جس نے بتایا کہ اس کے مکان مالک نے اس پر حملہ کر دیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خاتون نے بتایا کہ وہ باتھ روم میں بھاگیں اور اپنے حملہ آور سے لڑتی رہیں، جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تب تک خاتون اور لڑکے کے سینے، دھڑ اور اوپری حصے پر متعدد حملوں سے کئی زخم لگ چکے تھے۔

شکاگو میں کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشنز (سی اے آئی آر) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد ریحاب نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا کہ ہم غمزدہ ہیں، اور ہماری دعائیں پیارے لڑکے اور اس کی ماں کے ساتھ ہیں۔

تنظیم نے متاثرین کی ایک فلسطینی نژاد امریکی لڑکے کے طور پر کی ہے، جو حال ہی میں چھ برس کا ہوا تھا، اور ان کی ماں کا نام حنان شاہین بتایا گیا ہے۔

افسوسناک واقعہ پر رد عمل دیتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ فلسطینی نژاد امریکی خاتون اور اس کے بچے پر ہونے والے حملے پر افسردہ ہیں، نفرت پر مبنی اس خوفناک عمل کی امریکا میں کوئی جگہ نہیں ہے اور یہ ہماری بنیادی اقدار کے خلاف ہے۔

 

اپنے بیان میں جو بائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ امریکی ہونے کے ناطے ہمیں اکٹھا ہونا چاہیے اور اسلاموفوبیا سمیت ہر قسم کی نفرت کو مسترد کر دینا چاہیے۔

کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشنز شکاگو چیپٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد ریحاب نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا میں کسی کے لئے نفرت کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

یہ پڑھیں : فلسطینیوں کو اسرائیل کی وارننگ جبری بے دخلی ہے:ایمنسٹی انٹرنیشنل

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top