جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

سعودی وزیر خارجہ کی تہران آمد، ابراہیم رئیسی اور رفقا کی شہادتوں پر اظہار تعزیت

23 مئی, 2024 11:16

 سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، شاہ سلمان کے مشیر اور کابینہ کے رکن شہزادہ منصور بن متعب بدھ کو تہران پہنچے۔

الاخباریہ کے مطابق انہوں نے  صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقا کی شہادت پر ایرانی حکام سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی طرف سے اظہار تعزیت کیا۔

سعودی وزیر خارجہ اور شاہ سلمان کے مشیر جب تہران پہنچے تو ایرانی صدر کے ڈپٹی چیف آف سٹاف برائے سیاسی امور محمد جمشیدی اور نئے وزیر خارجہ علی باقری نے ان کا خیرمقدم کیا۔

مزید پڑھیں:شہید ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقا کی نماز جنازہ ادا، ہزاروں افراد کی شرکت

ان سے قبل پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف بھی تعزیت کے لیے تہران پہنچے تھے۔ شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی اور صدر ابراہیم رئیسی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔

پاکستانی وزیراعظم نے ایک تعزیتی تقریب میں بھی شرکت کی جس میں انہوں نے ایران کے لیے صدر ابراہیم رئیسی کی خدمات اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے ان کی خدمات کو سراہا۔

دفتر خارجہ کے مطابق شہباز شریف نے ابراہیم رئیسی کے اپریل میں دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں سابق صدر کے قابل ستائش کردارکو اجاگر کیا۔

قبل ازیں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں وفات پانے والے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ جنازے میں شامل ہونے کے لیے بدھ کو ہزاروں ایرانی شہری تہران کی سڑکوں پر نکلے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top