جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

’پی ٹی آئی عہدیدار نے چیف جسٹس کا نام لینے کا کہا‘، سابق کمشنر نے الیکشن میں دھاندلی کے بیان پر معافی مانگ لی

22 فروری, 2024 18:51

سابق کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے عام انتخابات 2024 میں دھاندلی سے متعلق 17 فروری کے بیان پر معافی مانگ لی ہے۔

الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے تحریری بیان میں لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں دھاندلی پر دیئے گئے اپنے بیان پر شرمندہ ہوں، دھاندلی سے متعلق میرا بیان سریحاً جھوٹا، ریاست کے منافی اور گمراہ کن تھا۔

لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ میں نے ریٹرننگ افسران کو الیکشن سے متعلق کسی کے حق میں کوئی احکامات نہیں دیئے جب کہ چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے کسی امیدوار کو سپورٹ کرنے کیلئے کوئی ہدایت نہیں ملی تھی۔

سابق کمشنر راولپنڈی کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے اقدام کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں اور اپنے آپ کو قانونی کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن کے سامنے سرنڈر کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت کے عہدیدار نے بتایا پارٹی قیادت نے چیف جسٹس کا نام لینے کا کہا ہے۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے سابق کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کے دھاندلی کے الزامات پر تحقیقات مکمل کرلی تھیں۔

تحقیقاتی کمیٹی نے راولپنڈی ڈویژن کے تمام 6 ڈی آر اوز کے تحریری بیانات ریکارڈ کیے تھے، تمام ڈی آر اوز اور آ راوز نے سابق کمشنر کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو یکسر مسترد کر دیا تھا۔

سابق کمشنرکی پریس کانفرنس کے ٹرانسکرپٹ کو بھی تحقیقاتی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے چند روز قبل الیکشن میں سنگین بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 

پولیس کا سابق کمشنر راولپنڈی کے پی اے کے گھر پر چھاپہ

انتخابی دھاندلی پر کمشنر راولپنڈی کے الزامات،کمیٹی کی تحقیقات مکمل

سابق کمشنر راولپنڈی نے الیکشن کمیشن میں بیان ریکارڈ کروا دیا

لیاقت علی چٹھہ کا  پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ہم نے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کروائی، جو امیدوار 50 سے 70 ہزار کی لیڈ سے جیت رہے تھے انہیں ہروایا، ہم نے پاکستان کے ساتھ دھوکہ کیا، چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس پاکستان بھی اس کے ذمہ دار ہیں، انہیں بھی اپنے عہدوں سے استعفیٰ دینا چاہیئے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور الیکشن کمیشن نے سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی سختی سے تردید کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایک اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top