جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، ق لیگ اور آئی پی پی کا ملکر وفاق میں مخلوط حکومت بنانے کا اعلان،

13 فروری, 2024 22:50

ملک کی بیشتر سیاسی جماعتوں بشمول مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، ملسم لیگ (ق) اور استحکام پاکستان پارٹی نے وفاق میں  ملکر مخلوط حکومت بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر ملکی سیاسی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں آصف زرداری، شہباز شریف، خالد مقبول صدیقی، علیم خان، کامران ٹیسوری، اسحاق ڈار اور صادق سنجرانی سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت ہر سیاسی جماعت سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں مخالفت ہو سکتی ہے لیکن ذاتی طور پر کوئی اخلاف نہیں، لہٰذا سب مل کر حکومت بنائیں اور نواز شریف کے گھر کو کامیاب بنائیں۔

کنوینئر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے شہباز شریف کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کی پاکستان سے زیادہ کوئی ترجیح نہیں، شہباز شریف کا پہلے بھی ساتھ دیا تھا اب بھی ساتھ دیں گے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم نے بھی اتحادی حکومت میں شمولیت کا اعلان کیا اور کہا کہ ایسے فیصلے کرنے ہوں گے جو ملک اور عوام کیلئے ہوں، اپنی ذات سے سب کو باہر نکلنا پڑے گا۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الیکشن میں ایک دوسرے کے خلاف باتیں کرتے ہیں وہ مرحلہ ختم ہوچکا، اب پارلیمان وجود میں آنے والی ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج معیشت سنبھالنا ہے۔

لیگی صدر نے اعلان کیا کہ وزارت اعلیٰ پنجاب کے لیے مریم نواز کو نامزد کرتا ہوں، جب کہ نواز شریف سے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے لیے بات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)  معاہدے نے پاکستان کو معاشی استحکام دیا، مہنگائی اور پاکستان کے قرضوں کوکم کرنا ہے، انتخابات میں جس کا جو مینڈیٹ آیا ہے اس کو سب تسلیم کرتے ہیں، پیپلزپارٹی نے ن لیگ کوووٹ دینے کا فیصلہ کیا  اس پر ان کے مشکور ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ آصف زرداری،خالد مقبول صدیقی،شجاعت حسین،علیم خان کا شکرگز ارہوں،  آج جوجماعتیں یہاں اکٹھی ہوئی ہیں وہ دو تہائی اکثریت رکھتی ہیں، اگر پی ٹی آئی کے پاس اکثریت ہے تو وہ لے آئے ہم سب اس کا احترام کریں گے، آئیں آگے بڑھیں میثاق معیشت کوآگے بڑھائیں، باہمی اختلافات ختم کریں، اگر پی ٹی آئی کے پاس اکثریت ہے تو وہ لے آئے ہم سب اس کا احترام کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے پاکستان کودیوالیہ ہونے سے بچایا،  نوازشریف سے درخواست کروں گا کہ وزیراعظم کا عہدہ قبول کریں۔

ان کا کہنا تھاکہ صدرپاکستان کا فیصلہ ان ساتھیوں نے کرنا ہے، مشاورت سے فیصلے کریں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top