جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست خارج ،سزا یافتہ سابق فوجی افسر پرجرمانہ عائد

21 فروری, 2024 11:15

 

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے 8فروری کے انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست خارج کرتے ہوئے درخواست گزار علی خان پر5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے اس کیس کی سماعت کی ،جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی بینچ کا حصہ تھے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے سپریم کورٹ میں دوران سماعت بتایا کہ ہم علی خان نامی شہری کے گھر گئے لیکن وہ نہیں ملے،منسٹری آف ڈیفنس کے ذریعے بھی نوٹس ان کے گھر کے باہر چسپاں کیا۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ درخواست دائر کرنے والے صاحب کون ہیں،جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ درخواست گزار کا 2012 میں آرمی سے کورٹ مارشل ہوا ،علی خان کو 5 سال کی سزا سنائی گئی تھی،اس وقت جنرل (ر )اشفاق پرویز کیانی آرمی چیف تھے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ کو درخواست گزار کا ای میل موصول ہوا ،درخواست گزار نے ای میل میں لکھا ملک سے باہر ہوں، درخواست گزار نے ای میل میں درخواست واپس لینے کی استدعا کی ،علی خان نے لکھا بیرون ملک ہونے کے وجہ سے پیش نہیں ہوسکتا،ای میل میں بورڈنگ پاس،ٹکٹ اور بحرین جانے کے تمام سفری دستاویزات لگائے گئے۔

دوران سماعت پی ٹی آئی رہنما شوکت بسرا روسٹرم پر آگئے جس پر چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ آپ علی خان کے وکیل ہیں جس پر شوکت بسرا نے کہا کہ نہیں میں ان کا وکیل نہیں ہوںلیکن میں اس کیس میں پیش ہونا چاہتا ہوں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ بیٹھ جائیں ہمیں وکیلوں کو سننے دیں، جس پر شوکت بسرا نے کہا کہ میں بھی ہائیکورٹ کا وکیل ہوں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ مبارک ہو آپ ہائیکورٹ کے وکیل ہیں مگر آپ تشریف رکھیں۔

شوکت بسرا نے استدعا کی کہ میری بات تو سن لیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ بیٹھ جائیں ورنہ توہین عدالت کا نوٹس بھی کر سکتے ہیں۔

یہ پڑھیں : انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست، چیف جسٹس کا درخواست گزار کو ہر صور ت پیش کرنے کا حکم

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top