پیر، 8-جولائی،2024
( 02 محرم 1446 )
پیر، 8-جولائی،2024

EN

پاکستان رواں سیزن کنِ کنِ ٹیموں کیساتھ سیریز کھیلے گا؟ اعلان ہوگیا

05 جولائی, 2024 12:29

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2024-25  کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کی تفصیلات کا اعلان کردیا۔

پاکستان سیزن میں بنگلہ دیش، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی کرے گا جب کہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی کھیلی جائے گی جوکہ 21 سال میں پاکستان کی پہلی سہ فریقی ون ڈے سیریز ہوگی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اس سیزن میں تین ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے ساتھ ساتھ چیمپئنز ٹرافی سے قبل  سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی کھیلے گی جو 21 سال میں اس کی پہلی سہ فریقی ون ڈے سیریز ہوگی۔

ہوم انٹرنیشنل سیزن کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے ہوگا جو راولپنڈی میں 21 سے 25 اگست تک اور کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

انٹرنیشنل ہوم سیزن کا اختتام  آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 پر ہوگا جس کا فائنل  9 مارچ کو تجویز کیا گیا ہے۔

اس کے درمیان پاکستان انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا جو ملتان میں  7 تا 11 اکتوبر کراچی میں  15 تا 19 اکتوبر اور  راولپنڈی میں  24 تا 28 اکتوبر تک کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم  کراچی میں  16 تا 20 جنوری اور ملتان میں 24 تا 28 جنوری تک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ سہ فریقی ون ڈے سیریز ملتان میں 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی۔

ہوم انٹرنیشنل میچز کے علاوہ  پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا زمبابوے اور جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی جہاں وہ 4 نومبر سے 7 جنوری کے دوران  دو ٹیسٹ، 9 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل  کھیلے گی۔

اگست 2024 سے مارچ 2025 کے عرصے میں پاکستان  کرکٹ ٹیم 9 ٹیسٹ، 9 ٹی ٹوئنٹی اور کم ازکم 14 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی۔

ون ڈے میچوں کی تعداد چیمپئنز ٹرافی اور سہ فریقی ون ڈے سیریز میں ٹیم کی کارکردگی کی بنیاد پر بڑھ بھی سکتی ہے۔

ہوم انٹرنیشنل سیزن کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کی منصوبہ بندی میں بھی مصروف ہے جن میں خواتین ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ  بھی شامل ہیں۔

بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف نو ٹیسٹ میچز  آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25 کا حصہ ہوں گے۔

پاکستان نے اب تک سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف دو سیریز میں پانچ ٹیسٹ کھیلے ہیں جن میں سے دو میں فتح اور تین میں شکست ہوئی ہے، اس طرح  قومی ٹیم 22 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top