جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

پاکستانی شہری پر امریکی اہلکار کو قتل کرنے کی سازش کا الزام عائد

12 ستمبر, 2024 13:19

نیویارک: امریکی استغاثہ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ مبینہ تعلقات رکھنے والے پاکستانی شخص پر امریکی اہلکار کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

محکمہ انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 46 سالہ آصف رضا مرچنٹ پر الزام ہے کہ انہوں نے امریکی حکومت کے ایک اہلکار یا سیاستدان کو قتل کرنے کے لیے ایک ہٹ مین کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔

اٹارنی جنرل میریک گارلینڈ نے کہا کہ آصف مرچنٹ کے خلاف یہ الزامات امریکیوں کے خلاف ایران کی مہلک سازشوں میں ملوث افراد کا احتساب کرنے کے ہمارے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:امریکا میں سیاستدانوں کے قتل کی سازش کے الزام میں پاکستانی شہری پر فرد جرم عائد

آصف مرچنٹ پر الزام ہے کہ اس نے امریکی سیاست دانوں اور عہدیداروں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ امریکی اٹارنی بریون پیس نے مزید کہا کہ آج کی فرد جرم دنیا بھر کے دہشت گردوں کو ایک پیغام دیتی ہے۔

قتل کی سازش کے ہدف کی شناخت نہیں ہوسکی۔ تاہم اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ مرچنٹ کا تعلق 13 جولائی کو بٹلر، پنسلوانیا میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی کوشش سے جوڑنے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے کا کہنا تھا کہ آصف مرچنٹ کے ایران کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور انہوں نے مبینہ قتل کی منصوبہ بندی کو ‘ایرانی حکمت عملی کے مطابق’ قرار دیا۔

ایف بی آئی کے ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ مرچنٹ نے مبینہ طور پر جن افراد کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی وہ دراصل خفیہ ایجنٹ تھے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top