جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن سے مذاکرات کی تردید کر دی

01 ستمبر, 2024 14:13

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ ن لیگ کیساتھ نہ تو کوئی مذاکرات کیے ہیں اور نہ ہی کرنا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے حوالے سے مقامی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی کا کہنا تھا کہ ایاز صادق سے مذاکراتی عمل پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کوئی رکن اسمبلی مذاکرات کیلئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت یا رہنماؤں سے رابطے میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی یا سینئر قیادت نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں کیے اور نہ ہی ایسی کوئی خواہش ہے۔

بیریسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ قومی اسمبلی کی کارروائی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے، تاہم پی ٹی آئی نے نہ تو مذاکرات کی کوئی پیشکش کی اور نہ ہی کوئی احسان مانگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا تھا کہ وہ پی ٹی آئی قیادت سے مذاکرات کے لیے بنائی گئی کمیٹی کا حصہ نہیں ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کے حق میں نہیں ہیں۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے اس وقت تک کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی جب تک وہ 9 مئی کے واقعات پر معافی نہیں مانگتے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top