جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

پاکستانی نژاد حمزہ یوسف اسکاٹ لینڈ کے پہلے مسلم سربراہ بن گئے

28 مارچ, 2023 11:05

حمزہ یوسف (37) گورننگ اسکاٹش نیشنل پارٹی کے سربراہ منتخب ہونے کے بعد اسکاٹ لینڈ کے پہلے مسلمان رہنما بن گئے۔

پاکستانی نژاد 37 سالہ حمزہ یوسف اپنے حریفوں کیٹ فوربس اور ایش ریگن کو شکست دے کر حکومت کرنے والی اسکاٹش نیشنل پارٹی (SNP) کے سربراہ بن گئے ہیں۔ اسکاٹش پارلیمنٹ میں منظوری کا ووٹ جیتنے کے بعد وہ نیم خودمختار حکومت کے سربراہ کا عہدہ سنبھال لیں گے۔

حمزہ، برطانیہ کی کسی بڑی سیاسی جماعت کے پہلے مسلم رہنما اور مغربی یورپ میں کسی ملک کی قیادت کرنے والے پہلے مسلمان بھی بن گئے۔ کامیابی کے بعد اپنے خطاب میں حمزہ یوسف نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ کے لوگوں کو اب آزادی پہلے سے کہیں زیادہ کی ضرورت ہے اور ہم وہ نسل ہوں گے، جو آزادی دلائے گی۔

انہوں نے 1960 کی دہائی میں پاکستان سے اسکاٹ لینڈ آنے والے اپنے دادا اور دادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خوابوں میں بھی یہ نہیں دیکھا ہوگا کہ ان کا پوتا ایک دن اسکاٹ لینڈ کا پہلا وزیر بنے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو اس حقیقت پر فخر کرنا چاہیے کہ آج ہم نے ایک واضح پیغام بھیجا ہے کہ آپ کی جلد کا رنگ یا درحقیقت، آپ کا ایمان، اس ملک کی قیادت کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے جسے ہم سب گھر کہتے ہیں۔

حمزہ یوسف نے اپنی تقریر کے دوران جب اپنے دادا اور دادی کو خراج تحسین پیش کیا، تو اس کی بیوی اور والدہ آنسو صاف کرتے ہوئے دیکھیں گئیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی نژاد عروج آفتاب گریمی ایوارڈ جیتنے والی پہلی گلوکارہ بن گئیں

حمزہ یوسف کا کہنا تھا کہ اسکاٹ لینڈ کے رہنماء کے طور پر، ان کی توجہ زندگی کے بحران سے نمٹنے، پارٹی میں تقسیم کو ختم کرنے اور آزادی کے لیے نئے سرے سے زور دینے پر مرکوز رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نسلی اقلیت کے طور پر ان کے اپنے تجربے کا مطلب ہے کہ وہ تمام اقلیتوں بشمول ہم جنس پرستوں اور ٹرانس جینڈر افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے لڑیں گے۔

حمزہ یوسف پہلی نسل کے تارکین وطن کا بیٹا ہے۔ ان کے والد پاکستان میں پیدا ہوئے تھے اور ان کی والدہ کینیا میں پنجابی نژاد خاندان میں پیدا ہوئی تھیں۔ انہوں نے گلاسگو کے ایک نجی اسکول میں تعلیم حاصل کی اور گلاسگو یونیورسٹی سے سیاست کی تعلیم حاصل کی۔

اسکاٹ لینڈ کے سابق وزیر اول الیکس سالمنڈ کا معاون بننے سے قبل انہوں نے کال سینٹر میں کام کیا۔ وہ 2011 میں گلاسگو ریجن کے لیے اضافی ممبر کے طور پر اسکاٹش پارلیمنٹ کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ ان کی جیت کے بعد، یوسف نے انگریزی اور اردو میں اپنا حلف اٹھایا۔

اگلے سال، وہ اسکاٹ لینڈ کی کابینہ میں داخل ہوئے، مختلف کردار ادا کیئے، ان کے پاس تازہ ترین عہدہ سیکریٹری صحت تھا۔

حمزہ یوسف نے 2010 میں سابق ایس این پی کارکن گیل لیتھگو سے شادی کی، لیکن سات سال بعد ان کی طلاق ہوگئی۔ پھر انہوں نے 2019 میں اپنی دوسری بیوی نادیہ النکلا سے شادی کی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top