جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

نواز شریف کی چوہدری شجاعت سے ملاقات، اندرونی کہانی سامنے آگئی

06 دسمبر, 2023 16:04

لاہور: قائد ن لیگ نواز شریف کی ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت سے ان کے گھر پر ملاقات ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں کے مابین کچھ حلقوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

چوہدری شجاعت حسین کے ساتھ تقریباً 15 سال بعد ملاقات ہوئی، ملاقات میں نواز شریف کے ساتھ شہباز شریف، مریم نواز، رانا ثنا اللہ، سعد رفیق، سردار ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔

ملاقات میں مسلم لیگ ق کی جانب سے سالک حسین، شافع حسین، طارق بشیر چیمہ اور امتیاز رانجھا بھی شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں کے مابین آئندہ عام انتخابات میں باہمی تعاون پر بات چیت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر گفتگو

اس موقع پر ق لیگ نے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی 3نشستیں مانگ لیں۔ 

ن لیگ نے 2قومی اور 3صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ق لیگ کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے،گجرات سے چودھری وجاہت کے بیٹے حسین الہٰی کی نشست پر مزید مشاورت ہو گی۔

چکوال سے چودھری سالک جبکہ بہاولپور سے طارق چیمہ متفقہ امیدوار ہوں گے،چکوال کی 2صوبائی اور ایک گجرات یا سیالکوٹ سے صوبائی نشست بھی ق لیگ کو ملے گی۔

دونوں سابق وزرائے اعظم نے مستقبل میں مستقل سیاسی اتحاد کرنے پر بھی گفتگو کی۔

اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل کا واحد حل صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی معیشت کے لیے آگے آنا ہو گا، پوری کوشش ہے مہنگائی سے جلد چھٹکارا ملے،پی ڈی ایم حکومت نے پوری کوشش کی عوام کو ریلیف دیں۔

چودھری شجاعت حسین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ماضی کی سیاسی جماعت نے ملک دلدل میں دکھیلا ،ملک کو دلدل سے نکالنا مشکل ضرور لیکن نا ممکن نہیں۔

 

ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ق نے اس اہم ملاقات کے بعد اپنی پارٹی قیادت کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں ملاقات کے حوالے سے رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top