پیر، 1-جولائی،2024
( 25 ذوالحجہ 1445 )
پیر، 1-جولائی،2024

EN

تاجروں کا بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف یکم جولائی کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

28 جون, 2024 20:58

آل پاکستان انجمن تاجران نے بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف یکم جولائی 2024 کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دیدی۔

اسلام آباد میں آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ اور دیگر تاجروں نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران یکم جولائی کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بجلی کے بلوں کے حوالے سے ظلم کیا ہے، 200 یونٹ کا بل کچھ اور اس سے زائد یونٹ کا بل اور ہے، آئی پی پییز (انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز) حکومتی بڑوں کی ہیں، ان کو ادائیگیاں ڈالرز میں ہو رہی ہیں۔

صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کو 48 ہزار میگا واٹ کی ادائیگیاں ہو رہی ہیں جبکہ ہماری ضرورت 20 ہزار میگاواٹ کے قریب ہے۔

اجمل بلوچ نے تاجران سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یکم جولائی کوملک بھر میں تاجر احتجاج کریں، احتجاج میں عوام بھی ہمارا ساتھ دیں،یکم جولائی کو ہرسطح پر اور ہر سڑک پر احتجاج ہوگا۔

انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ 30 جون (اتوار) تک بجلی کے بلوں میں شامل کیے گئے ٹیکس، فکس ٹیکس اور سلیب ختم کرنے کا اعلان کرے ورنہ یکم جولائی کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظر ثانی کریں جو کہ بجٹ پر 2500 ارب روپے کا بوجھ ہیں۔

صدرانجمن تاجران نے مزید کہا کہ واپڈا ملازمین کو مفت بجلی فراہم کرنے کا بوجھ بھی عوام پر ڈالا جاتا ہے۔

مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے نائب صدر طارق جدون اور راولپنڈی کینٹ کے صدر شیخ حفیظ نے کہا کہ واپڈا نے فاسٹر میٹر لگائے ہیں اور نیپرا کی رپورٹ کے مطابق 30 فی صد تیز ہیں۔

ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے سیکریٹری اور مشیر صدر آئی سی سی آئی خالد چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ نیپرا کی ویب سائٹ پر رپورٹ موجود ہے کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیاں 30 فیصد فاسٹر میٹر لگا کر عوام کو لوٹ رہی ہیں لہٰذا حکومت فاسٹر میٹر کا نوٹس لے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top