جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

قومی اسمبلی: اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا، قتل کیخلاف مذمتی قرارداد بھی منظور

02 اگست, 2024 13:10

قومی اسمبلی نے حماس کے سربراہ شہید اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی جب کہ ان کی غائبانہ نمازِ جنازہ بھی ادا کردی گئی۔

شہید رہنما اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ادا کر دی گئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، اتحادی جماعتوں کے ارکان، پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر، اپوزیشن کے ممبران اور پارلیمنٹ کے عملے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد اسماعیل ہانیہ کی روح کے ایصال ثواب اور فلسطین کی آزادی کےلیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اسرائیل کے خلاف قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر کیا گیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ اسرائیلی مظالم کی وجہ سے 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے، یہ ایوان اسرائیلی مظالم کو مسترد کرتا ہے اور فلسطینی بھائیوں کی حمایت کا  اظہار کرتا ہے۔

قرارداد کی منظوری کے بعد ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ خوش آئندہ ہے کہ یہ ایوان اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر مشترکہ طور پر قرار داد لایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں 9 ماہ سے قتل عام جاری ہے، خواتین اور بچوں سمیت 40 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا جب کہ غزہ میں اسپتالوں، اسکولوں اور میڈیا نمائندوں کو نشانہ بنایا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس قتل عام پر آنکھیں بند کرنے سے کام نہیں چلے گا، اسماعیل ہنیہ شہید کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ان جرائم پر صیہونی ریاست کو کٹہرے میں لانا ہوگا۔

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج ملک بھر میں یومِ سوگ بھی منایا جارہا ہے۔

خیال رہےکہ اسماعیل ہنیہ 31 جولائی کو ایرانی دارالحکومت تہران میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔

ایرانی دارالحکومت تہران میں گزشتہ روز ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ پڑھائی جس میں ہزاروں مرد اور خواتین نے شرکت کی تھی۔

تہران میں نمازِ جنازہ ادائیگی کے بعد شہید حماس سربراہ کا جسد خاکی قطری دارالحکومت دوحہ پہنچا دیا جہاں ان کی نماز ھجؤجنازہ پڑھائی جائے گی اور پھر ان کی تدفین ہوگی۔

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top