جمعہ، 5-جولائی،2024
( 29 ذوالحجہ 1445 )
جمعہ، 5-جولائی،2024

EN

دنیا کی طاقتور اسرائیلی لابی بھی امریکا میں قرارداد منظور نہیں کرواسکی، عمران خان

02 جولائی, 2024 20:58

بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پاکستانی انتخابات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات سے متعلق امریکی قرارداد کے بارے میں کہا ہے کہ دنیا کی طاقتور اسرائیلی لابی بھی آج تک ایسی قرارداد منظور نہیں کرواسکی۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ آئی ایس آئی کے کرنل اور میجر کا اڈیالہ جیل میں کیا کام ہے، آئی ایس آئی کے پاس سول معاملات اور عدلیہ میں مداخلت کا کوئی اختیار نہیں، سپریٹنڈنٹ جیل صرف آئی ایس آئی کے احکامات پر چل رہا ہے، دو اعلیٰ افسران کی وجہ سے مجھے تبدیل کیا گیا کہ مجھے کوئی رعایت نہ دے دیں۔

الیکشن کو پانچ ماہ گزر گئے مجھے ابھی تک یہ نہیں پتہ کہ کون جیتا اور کون ہارا، الیکشن میں بے ضابطگیوں پر امریکی کانگریس نے قرارداد منظور کی، 85 فیصد کانگریس اراکین نے حمایت میں ووٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے بڑی اور طاقتور اسرائیلی لابی ہے، وہ بھی آج تک ایسی قرارداد منظور نہیں کرواسکی، کانگریس نے پوری تحقیق کے بعد یہ قرارداد منظور کی، امریکیوں کو رپورٹس آتی ہیں جو وہ خود اکٹھی کرتے ہیں، اقوام متحدہ کا بھی میرے بارے میں بیان آیا، جواب میں پاکستانی حکومت نے کانگریس کی قرارداد کے مقابلے میں اپنی قراداد پیش کی، حکومت قراردادیں پیش کرنے کے بجائے ملک کو بچانے کا سوچے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پل ڈاٹ اور فافن کی رپورٹس میں بھی دھاندلی کی تصدیق کی گئی، چیف الیکشن کمشنر کو دھاندلی کو کور کرنے کے لیے لگایا گیا ہے، سارا ملک کہہ رہا ہے کہ فراڈ الیکشن کروایا گیا۔

ساری دنیا وہی کہہ رہی ہے جو کمشنر پنڈی نے اور سابق وزیراعظم کاکڑ نے حنیف عباسی کو کہا تھا، ریٹائرڈ ججز کو ٹریبیونل میں تعینات کر کے مرضی کے فیصلے حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن کا کردار دیکھے، کسی بھی جمہوریت میں ایک پارٹی کی سیٹ دوسرے کو نہیں دی جا سکتی، یہ کہیں نہیں ہوتا۔

سائفر سے متعلق سوال پر عمران خان نے کہا کہ میں آج بھی سائفر کے معاملے پر اپنے بیان پر قائم ہوں، میں نے کہا تھا امریکہ نے حکومت گرانے کی دھمکی دی ہے اور انہوں نے ہماری حکومت ہی گرا دی، میں آج بھی ایبسولوٹلی ناٹ کے مؤقف پر کھڑا ہوں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top