جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

روس کے یوکرین پر مزید فضائی حملے، شہروں میں تباہی، 21 افراد سے زائد موت کا شکار

18 مارچ, 2022 13:35

روس کی جانب سے یوکرین کے شہروں اور قصبوں پر فضائی حملے جاری ہیں، روس کی کوشش ہے کہ زمینی کارروائی سے قبل اپنے فوجیوں کے لیئے فضائی مدد سے راستہ بنائے، تازہ حملوں میں 21 افراد سے زائد کی موت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق جمعرات کو کھارکیو شہر کے قریب مشرقی یوکرین کے ایک قصبے پر روسی فورسز کی گولہ باری سے کم از کم 21 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے، جس میں سے 10 افراد کی حالت نازک ہے۔ کئی عمارتیں مکمل تباہ ہوچکی ہیں۔

روسی گولہ باری کے باعث مشرقی یورپ کے سب سے بڑے بازار خارکیو کے باراباشوو بازار میں آگ لگ گئی ہے۔ پانچ گھنٹوں کے اندر آگ نے تقریباً پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اور آس پاس کے گھروں تک پھیل گئی۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ جب فائر فائٹر آگ بجھا رہے تھے، اسی دوران روسی فوجیوں نے دوبارہ مارکیٹ پر میزائلوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک فائر فائٹر مارا گیا، جبکہ معتدد زخمی ہوگئے۔

ماریوپول میں روسی بمباری سے تباہ ہونے والے تھیٹر میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اب تک پچاس افراد کی موت کی تصدیق کی گئی، جس میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ اٹلی نے تھیٹر کی دوبارہ تعمیر کرنے کی پیشکش کی ہے، جس پر یوکرینی صدر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

محاصرہ شدہ شہر ماریوپول میں حکام کا کہنا ہے کہ روسی افواج شہر پر روزانہ 50 سے 100 بم گرا رہی ہیں، جس سے بہت زیادہ تباہی ہو رہی ہے۔ شہر کی صورت حال "تشویش ناک” ہے اور ابتدائی اندازوں کے مطابق شہر کی 80 فیصد رہائشی عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : روسی صدر کے مطالبات سامنے آگئے، یوکرین کیلئے پورا کرنا آسان، جنگ کے خاتمے کی امید

یوکرین کے صدر نے روس کی جانب سے جنگ کے لیئے رضاکاروں کی بھرتی پر اپنے ردعمل میں کہا کہ یہ آپ کی زندگی کا بدترین فیصلہ ہوگا۔ طویل زندگی اس رقم سے بہتر ہے جو وہ مختصر عرصے کے لیے پیش کرتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیاسی امور کی سربراہ روز میری ڈی کارلو نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ روس کے حملے کے بعد سے یوکرین میں 52 بچوں سمیت 726 سے زیادہ شہری مارے جا چکے ہیں، لیکن حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ ایک ہزار 174 افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں 63 بچے بھی شامل ہیں۔ سیکڑوں رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا یا تباہ کیا گیا ہے، جس میں اسپتال اور اسکول بھی شامل ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق یوکرین میں صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات پر 43 حملے ہوئے ہیں، جن میں 12 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے، جن میں ہیلتھ ورکرز بھی شامل ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ کسی بھی تنازعہ میں صحت کی دیکھ بھال کے مراکز پر حملے بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

یوکرین اور روس کے درمیان بات چیت کا ایک اور دور ہوا۔ اس حوالے سے روسی حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمارا وفد بہت زیادہ کوششیں کر رہا ہے، وہ چوبیس گھنٹے کام کرنے کے لیے تیار ہے،  لیکن بدقسمتی سے ہمیں یوکرین کی جانب سے ایسا جوش نظر نہیں آتا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top