جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

محسن عباس حیدر اور فاطمہ سہیل کے درمیان خلع ہوگئی

26 ستمبر, 2019 14:41

لاہور : فیملی کورٹ نے پاکستان کے نامور اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر اور فاطمہ سہیل کو خلع کی ڈگری جاری کردی، جس کے ساتھ ان کے ازدواجی سفر کا اختتام ہوگیا۔

جج بابر ندیم نے فاطمہ سہیل کی خلع کی درخواست پر سماعت کی۔

اس دوران فاطمہ سہیل کا کہنا تھا کہ وہ اب محسن عباس حیدر کے ساتھ مزید نہیں رہنا چاہتیں اور نہ ہی ان سے صلع کرسکتی ہیں۔

محسن عباس حیدر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ بھی اب فاطمہ سہیل کے ساتھ زندگی گزارنا نہیں چاہتے ہیں۔

عدالت نے دونوں کے بیانات کو سننے کے بعد خلع کی ڈگری جاری کردی۔

عدالت کے باہر جب رپورٹرز نے محسن عباس حیدر سے سوال کیا کہ ان کا بیٹے ماں یا باپ میں سے کس کی تحویل میں دیا جائے گا؟ تو اس پر ان کا کہنا تھا کہ ‘بیٹے کے لیے ماں اور باپ دونوں کا پیار بےحد ضروری ہے، البتہ اس کی تحویل کے حوالے سے وکلا سے مشورہ کرکے قانونی کارروائی کے حوالے سے سوچیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : اداکار محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے طلاق کے لیئے عدالت سے رجوع کرلیا

خیال رہے کہ رواں سال 20 جولائی کو فاطمہ سہیل نے فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے محسن عباس حیدر پر جنسی تشدد کرنے اور شادی شدہ ہونے کے باوجود نازش جہانگیر نامی ماڈل سے تعلقات رکھنے کا الزام لگایا تھا اور محسن کے خلاف مقدمہ لڑنے کا اعلان کیا تھا۔

فاطمہ کے محسن پر الزام کے بعد 2 اداکار دعا ملک اور گوہر رشید نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا تھا کہ وہ اس سب سے آگاہ تھے، تاہم فاطمہ کے منع کرنے کے باعث اب تک خاموش رہے، جبکہ کئی اور نامور شخصیات بھی فاطمہ سہیل کے سپورٹ میں سامنے آئیں۔

بعدازاں محسن عباس حیدر نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ان کی اہلیہ نے ان پر جھوٹا الزام لگایا ہے اور طلاق ہی واحد راستہ رہ گیا ہے۔

دوسری جانب ماڈل نازش جہانگیر نے بھی سوشل میڈیا پر فاطمہ کی جانب سے لگائے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

اس کے بعد محسن عباس اور فاطمہ سہیل نے اپنے اپنے بیانات ایس پی کینٹ لاہور کے دفتر میں ریکارڈ کرائے تھے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top