جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

اسرائیل کی بدترین دہشت گردی جاری ، شہید فلسطینیوں کی تعداد 3000 سے تجاوز کر گئی

17 اکتوبر, 2023 12:28

غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری ہے ، بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 3000 سے تجاوز کر گئی۔

غزہ میں موجودفلسطینیوں کے لیے ہر گزرتا لمحہ مشکل سے مشکل ہوتا جا رہا ہے، معصوم اور نہتے فلسطینی شہریوں کے پاس اسرائیلی حملوں سے بچنے کی کوئی جگہ نہیں بچی، لاکھوں فلسطینی غزہ میں محصور ہوکر رہ گئے،خوارک اور پانی کی قلت بڑھتی جارہی ہے۔

7 اکتوبر سے اسرائيل کی غزہ پر جارحیت جاری ہے، مسلسل بمباری میں 2 ہزار 800 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں، شہیدوں میں ایک ہزار سے زائد بچے اور 400 سے زائد خواتین بھی شامل ہیں۔

فوٹو: الجزیرہ

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بمباری میں اب تک 10 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں جبکہ اسرائیلی بمباری سے تباہ عمارتوں کے ملبے میں ایک ہزار سے زائد فلسطینیوں کی لاشیں دبی ہونے کا خدشہ ہے۔

اس کے علاوہ فلسطین جرنلسٹ سینڈیکیٹ نے غزہ میں اسرائیلی بمباری سے اب تک 11 صحافیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

 یہ پڑھیں : حزب اللہ نے اسرائیلی ٹینک کو کمال مہارت سے تباہ کرڈالا، ویڈیو وائرل

دوسری جانب اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں جبکہ غزہ میں پانی بھی ختم ہوگيا ہے جس کی وجہ سے محصور فلسطینیوں کے پیاس سے مرنے کے خدشات بھی سر اٹھانے لگے ۔

اس کے علاوہ اسرائیلی بمباری کے بعد غزہ کے 4 اسپتالوں میں علاج بند کردیا گیاہے جبکہ اسرائیل نے مزید 21 اسپتال خالی کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔

اسرائیلی حکام نے فلسطینیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ گراؤنڈ آپریشن کے پیشِ نظر غزہ پٹی کے شمالی حصے کو خالی کر کے جنوبی حصے کی طرف چلے جائیں، غزہ پٹی میں 23 لاکھ فسلطینی رہتے ہیں، یہ پٹی دنیا کے گنجان آباد مقامات میں سے ہے۔

غزہ پٹی شمال اور مشرق میں اسرائیل اور جنوب میں مصر کے درمیان محصور ہے، اس لیے ان فلسطینیوں کے پاس غزہ پٹی سے باہر جانے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران غزہ پٹی کی تقریباً نصف آبادی نے اپنا گھر بار چھوڑ دیا ہے اور وہ اقوام متحدہ کے زیر انتظام اسکولوں، اسپتالوں اور مقامی ہوٹلوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں، اِن میں سے بھی بیشتر عمارتیں اسرائیلی بمباری کی زد میں آچکی ہیں۔

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ جنوبی غزہ کی جانب لاکھوں لوگوں کا انخلاء بہت بڑے انسانی بحران کا سبب بن سکتا ہے۔ غزہ اور مصر کے درمیان انخلاء کے لیے صرف رفاہ کی کراسنگ ہے، جسے پار کرنے کے لیے فلسطینیوں کو خصوصی اجازت نامہ چاہیے ہوتا ہے۔

یہ پڑھیں : ایران کی اسرائیل کو آخری چند گھنٹوں کی وارننگ

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top