جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

ایران نے غیر ملکی ائیر لائنز  کیلئے فضائی حدود بند کردی

08 اگست, 2024 13:42

ایران نے غیر ملکی ائیر لائنز کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے طے شدہ فوجی مشقوں کے بارے میں ایک نوٹیفکیشن کے بعد مصر نے اپنی قومی ایئر لائنز کو تین گھنٹے کے لئے ایرانی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

یہ ایڈوائزری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گذشتہ ہفتے تہران میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد علاقائی کشیدگی میں اضافہ ہوا۔

مصر کا کہنا ہے کہ یہ انتباہ ایران کی جانب سے تمام کمرشل ایئر لائنز کو جاری کیے گئے نوٹس کا حصہ ہے۔

مصری وزارت کے مطابق ایرانی فضائی حدود پر پابندی کا اطلاق جمعرات کی صبح ساڑھے چار بجے سے ساڑھے سات بجے تک ہوگا جبکہ بدھ کو بھی تین گھنٹے کے لیے اسی طرح کا انتباہ جاری کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ برطانیہ نے بھی اپنی ایئر لائنز کو لبنان کی فضائی حدود سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

عالمی سطح پر بہت سی ایئر لائنز ایرانی اور لبنانی فضائی حدود سے بچنے کے لئے اپنے شیڈول پر نظر ثانی کر رہی ہیں جب کہ اسرائیل اور لبنان کے لئے پروازیں بھی منسوخ کر رہی ہیں۔

تنازعات والے علاقوں سے گزرنے والی پروازیں ایک دہائی قبل اس وقت انڈسٹری سیفٹی کا اہم مسئلہ بن گئی تھیں جب ملائیشیا ایئرلائنز کی پرواز ایم ایچ 17 کو یوکرین میں مار گرایا گیا تھا جس کے نتیجے میں تمام سوار 298 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top