جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

انڈیا کی افواج، مودی کی جائیداد نہیں ہیں، راہول گاندھی

04 مئی, 2019 18:10

نئی دہلی : بھارت کی بڑی سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی آرمی، نیوی اور فضائیہ ان کی جائیداد نہیں ہے۔

پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کانگریس رہنما نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں اور حکومت کو ناکام قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے عوامی عہدہ سنبھالنے سے قبل قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ 2 کروڑ نوکریاں فراہم کریں گے، لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے اپنی پالیسیوں سے معیشت کو تباہ کردیا، آج وہ نوکریوں اور کسانوں کے حوالے سے بات نہیں کرتے، کیونکہ ان کے پاس کہنے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔

راہول گاندھی نے دعوی کیا کہ ان کے اندازے کے مطابق لوک سبھا انتخابات میں بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست ہورہی ہے اور یہ جماعت انتخابات میں کامیاب نہیں ہو پائے گی۔

انہوں نے الیکشن کمیشن پر الزام عائد کیا کہ اس وقت الیکشن کمیشن جانب داری کا مظاہرہ کر رہا ہے اور بی جے پی کی غیرمعمولی حمایت کر رہا ہے۔

کانگریس رہنما نے کہا کہ بھارتی آرمی، فضائیہ اور نیوی ان کی ذاتی جائیداد نہیں ہے، وہ فورسز کی تضحیک کرنا بند کردیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top