جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

پاکستان مخالف فلم پر عمران ہاشمی کا آصف غفور کے ٹوئٹ پر ردعمل

26 ستمبر, 2019 11:44

کراچی: بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی نے ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے ٹوئٹ پر ردعمل دیا ہے۔

گزشتہ ماہ بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف ویب سیریز’’بارڈ آف بلڈ‘‘ کا ٹریلر جاری کیا تھا۔ اس ویب سیریز کی کہانی بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے گرد گھومتی ہے۔ جب کہ اس میں مسلمانوں اور پاکستانیوں کو دہشت گرد اور فساد برپا کروانے والا دکھایا گیا ہے۔ ’’بارڈ آف بلڈ‘‘ میں عمران ہاشمی مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جب کہ شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی نے نیٹ فلیکس کے لیے اس ویب سیریز کو پروڈیوس کیا ہے۔

پاک بھارت کشیدگی کے اس ماحول میں شاہ رخ خان کی جانب سے پاکستان مخالف ویب سیریز بنانے پر پاکستان میں موجود ان کے چاہنے والے سخت مایوس ہوگئے تھے اور سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور بھی شاہ رخ خان کو آئینہ دکھانا نہیں بھولے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : فواد چوہدری نے پاکستان مخالف ٹویٹ پر راہول گاندھی کو کھری کھری سنا دیں

آصف غفور نے شاہ رخ خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا آپ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم، ہندو توا اور آر ایس ایس کے نازی ازم کے جنون کے خلاف آواز اٹھاکر امن اور انسانیت کو فروغ دے سکتے تھے۔


حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ’’بارڈ آف بلڈ‘‘ میں را کے ایجنٹ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے بھارتی اداکار عمران ہاشمی سے جب ترجمان پاک فوج کی اس ٹوئٹ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے سیاسی جواب دیتے ہوئے کہا ان باتوں سے فلمیں بننا بند نہیں ہوں گی کیونکہ جب بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی معاملات پر کوئی بات ہوتی ہے تو جذبات بھڑکتے ہیں اور آپ کو یہ سب بھگتنا پڑتا ہے۔ اور سوشل میڈیا اس سب سے بھرا پڑا ہے، مجھے لگتا ہے اس ایک ٹوئٹ (آصف غفور کی ٹوئٹ) کی وجہ سے دوسرے لوگوں نے بھی تنقید کی۔

اس کے ساتھ ہی عمران ہاشمی نے اپنی فلم کا کمزور دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروپیگنڈا فلم نہیں ہے، بلکہ یہ ویب سیریز ایک 20 سالہ لکھاری کی کتاب پر بنائی جارہی ہے اوریہ کتاب اس نے 2014 میں لکھی تھی، جس وقت یہ کتاب لکھی گئی اس دوران دونوں ممالک کا سیاسی ماحول بالکل مختلف تھا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top