جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

حماس اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آگئی

08 اپریل, 2024 13:02

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں غزہ جنگ بندی کے حوالے سے حماس اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

مصر کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق مصر اور قطر کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور فریقین کے درمیان اہم اور متنازع نکات پر اتفاق ہوگیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق مذاکرات میں معاہدے کے اہم نکات پر اتفاق رائے کے بعد قطر اور حماس کے وفود روانہ ہوگئے ہیں جب کہ امریکا اور اسرائیل کے وفود چند گھنٹے بعد روانہ ہوں گے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے لیے فریقین کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے اور مذاکرات کا دوسرا دور دو روز بعد شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

حماس سمیت مذاکرات میں شامل فریقین نے مصری ٹی وی مذاکرات میں پیش رفت کی خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ تل ابیب یرغمالیوں کی رہائی کے بغیر جنگ بندی پر راضی نہیں ہوگا۔ دوسری جانب حماس نے مستقل جنگ بندی، غزہ سے اسرائیلی افواج کے انخلا اور بے گھر افراد کی واپسی سمیت اپنے مطالبات کا اعادہ کیا۔

نیتن یاہو نے کہا کہ بڑھتے ہوئے بین الاقوامی دباؤ کے باوجود تل ابیب حماس کے انتہائی مطالبات سے دستبردار نہیں ہوگا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top