جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

فلسطینیوں کی نسل کشی :بولیویا اور چلی نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کردئیے

01 نومبر, 2023 11:37

غزہ پر حملوں کے بعد جنوبی امریکی ملک بولیویا نے اسرائیلی جارحیت اور معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دیے۔

دوسری جانب چلی کی حکومت نے منگل کے روز اسرائیل سے اپنے سفیر کو مشاورت کے لیے واپس بلا لیا، چلی نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر حالیہ فوجی حملوں سے پیدا ہونے والی بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں کو اس کی وجہ قرار دیا۔

بولیویا کی وزیر ماریا نیلا پرادا نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ بولیویا اسرائیل کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات توڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا بولیویا نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے انسانیت کے خلاف جرائم پر سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت بند کی جائے کیونکہ اسرائیلی حملوں میں پہلے ہی ہزاروں سیویلین جانیں گنوا چکے ہیں جبکہ اب تک لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 2009 میں بھی فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بولیویا نے اسرائیل کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے۔

دوسری جانب جنوبی امریکی ملک کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا چلی ان فوجی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور ان کو انتہائی تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔”

اس سے قبل چلی کی وزارتِ خارجہ نے ایک الگ بیان میں اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کے درمیان دو ریاستی حل پر زور دیا تھا۔

 یہ پڑھیں : امریکی اداکارہ انجلینا جولی اور سلینا گومز کا فلسطین اسرائیل کشیدگی پر اظہار تشویش

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top