جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

بھارت کے شہرت یافتہ گلوگارلکی علی نے فلسطین کی حمایت میں آواز بلند کردی

23 جنوری, 2024 14:03

بھارت کے عالمی شہرت یافتہ گلوگارلکی علی نے فلسطین کی حمایت میں آواز بلند کی ہے، انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نتین یاہو سے بالکل متفق ہوں کہ ایک ہی ریاست ہونی چاہیئے مگر یہ فلسطین ہو گی۔

رپورٹ کے مطابق جیسے جیسے اسرائیل غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں اپنی فوجی کارروائیوں میں اضافہ کر رہا ہے، دنیا بھر کی مشہور شخصیات فوری جنگ بندی اور فلسطین کی آزادی کے لیے آواز بلند کر رہی ہیں۔

فلسطین کے دیرینہ حامیوں میں معروف ہندوستانی گلوکار لکی علی نے اس مقصد کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

انسٹاگرام اور ایکس پر گردش کرنے والے ایک ویڈیو کلپ میں گلوکار نے دبئی میں ایک کنسرٹ کے دوران ایک بڑی تعداد میں سامعین سے خطاب کرتے ہوئے براہ راست فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ "میں جو کہنا چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ صرف ایک ریاست ہوسکتی ہے، میں اس پر نیتن یاہو سے متفق ہوں۔ لیکن یہ فلسطین ہونا چاہیے،” لکی نے اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے صاف صاف بیان دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لکی علی کے رد عمل پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا، شائقین پرجوش رد عمل دیکھتے ہوئے لکی علی نے ایک بار پھر اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا "ہم سب ایک ساتھ رہ سکتے ہیں لیکن ریاست فلسطین کی ہونی چاہیے۔”

یہ پہلا موقع نہیں جب موسیقار نے آزاد فلسطین کی حمایت میں آواز اٹھائی ہو۔ نومبر 2023 میں بھی لکی علی نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم X (سابقہ ٹویٹر) پر اسرائیل کے حامیوں پر تنقید کی اور فلسطین کے جنگ زدہ علاقے کا دورہ کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا۔

گلوکار نے لکھا "انشاءاللہ، میں فلسطین جانا چاہتا ہوں۔” تقریباً فوراً ہی اس پوسٹ نے نیٹیزنز کی جانب سے ردعمل کو جنم دیا جنہوں نے ان پر ایک حساس عالمی مسئلے پر بظاہر غیر سنجیدہ بیانات دے کر توجہ حاصل کرنے کا الزام لگایا۔

واضح رہے الجزیرہ کے مطابق، غزہ میں وزارت صحت نے اطلاع دی ہے کہ علاقے پر اسرائیل کی جارحیت میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کی تعداد اب 25,000 سے تجاوز کر گئی ہے۔

وزارت کے ترجمان اشرف القدرہ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 178 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی، جس سے غزہ کے ساتھ اسرائیل کی تین ماہ سے زائد لڑائی کے دوران ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 25,105 ہوگئی۔

یہ پڑھیں : اسرائیل سے تعلقات کی وجہ سے فلسطین کی حمایت کمزور نہیں ہوگی : ترک صدر

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top