جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

 ملک بھر میں عید میلادالنبیﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

17 ستمبر, 2024 08:38

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عید میلاد النبیﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

ہادی عالم، رحمت اللعالمین، نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن آج ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

سرکار دو جہاں محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت با سعادت نے دنیا کی تاریکی کو اپنے نور مجسم سے روشنیوں میں بدل دیا، آپ کی ذات گرامی صورت میں اجمل اور سیرت میں اکمل ہے۔

عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہر سجائے گئے ہیں، گلی گلی محلے محلے میں چراغاں کیا گیا ہے۔

اس خوبصورت اور جشن سے بھرے دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد 31 اور چاروں صوبوں کے دارالحکومت 21، 21 دھماکوں سے گونج اٹھے۔

محافل میلاد النبی ﷺ کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے، شمع رسالت کے پروانے اپنے اپنے انداز میں نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں، فضائیں دورو و سلام کی صداؤں سے گونج رہی ہیں۔

آج شہر شہر جلوس نکالے جائیں گے، خصوصی تقاریب کا انعقاد ہوگا اور میلاد کی محفلیں سجیں گی۔

جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر تمام سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں پرچراغاں کیا گیاہے جبکہ گھروں، مساجد، دفاتر، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

کراچی کیلئے ٹریفک پلان جاری

ٹریفک پولیس نے کراچی میں عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ریلیوں اور جلوسوں کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پلان جاری کیا تھا۔

ٹریفک پلان کے مطابق کراچی میں منگل کو 12 ربیع الاول کے جلوسوں کے باعث ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی گلیاں بند ہوں گی۔

ایم آرکیانی چوک سے ٹریفک کوکورٹ روڈ چورنگی جب کہ ایمپریس مارکیٹ سے ٹریفک کو زیب النساء اسٹریٹ موڑا جائے گا۔

اس کے علاوہ شارع لیاقت سے آنے والے ٹریفک کو آرام باغ لائٹ سگنل سے شاہین کمپلیکس موڑا جائے گا۔

یونیورسٹی روڈ سے آنے والے ٹریفک کو جیل فلائی اوور سے کشمیر روڈ اور پیپلز چورنگی آنے والے ٹریفک کو شارع قائدین یا کوریڈور 3 سے صدر کی جانب بھیجا جائے گا۔

ٹریفک پلان کے مطابق گرو مندر سے ایم اے جناح روڈ آنے والی ٹریفک کو سینٹرل جیل کی جانب موڑا جائے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top