جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

بجلی بلوں اور ٹیکسوں کیخلاف ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، تمام کاروباری مراکز بند

28 اگست, 2024 10:16

بجلی کے بھاری بلوں اور ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف تاجر تنظیموں کی جانب سے آج ملک گیر ہڑتال کی جارہی ہے۔

مختلف تجارتی تنظیموں، جماعت اسلامی، پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے ہڑتال کی کال کے باعث کراچی سے خیبر تک تجارتی مراکز بند ہیں۔

جماعت اسلامی اور جے یو آئی (ف) سمیت ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں نے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کی انتظامیہ نے ریڈ زون کی جانب جانے والی سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا ہے۔

لاہور کی کاروباری تنظیمیں ہڑتال کے معاملے پر دو دھڑوں میں بٹی ہوئی ہیں کیونکہ ایک گروپ ہڑتال کے حق میں جبکہ دوسرا گروپ اس کے خلاف ہے۔

انجمن تاجران کراچی کے صدر جاوید شمس نے کہا کہ سیاسی قیادت ناکام ہوچکی، ٹیکسز کے خلاف آج مکمل طور پر ہڑتال ہوگی۔

آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے صدر نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کاروبار بند رہیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمران طبقہ تاجروں اور عوام سے جینے کا حق چھیننا چاہتا ہے، تاجر دوست اسکیم موجودہ شکل میں قابل قبول نہیں۔

کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان نے کہا کہ کراچی سے خیبر تک تمام تجارتی تنظیمیں ہڑتال میں شامل ہیں، مسائل حل نہ ہوئے تو ہڑتال کا دورانیہ بڑھ سکتا ہے۔

آل کراچی ٹریڈرز یونین کے صدر عتیق میر نے کہا کہ یہ تاجروں کی نہیں بلکہ شہریوں کی ہڑتال ہے کیونکہ عام آدمی مہنگائی سے پریشان ہے۔

پشاور میں بھی مختلف مارکیٹیں بند ہیں اور تاجر یونینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور ٹیکس کی شرح کم کی جائے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top