جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

امریکی جامعات میں فلسطین کیلئے طلبہ کا احتجاج، گرفتاریوں کی تعداد 2100 سے تجاوز

04 مئی, 2024 11:50

امریکہ کے تعلیمی اداروں میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کرنے والے طلبہ کی گرفتاریوں کی تعداد 2100 سے تجاوز کر گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق یونیورسٹی کے احتجاج کے سلسلے میں 2,100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ نے یہ اعداد و شمار دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ 18 اپریل کے بعد سے امریکہ کے 40 مختلف کالجوں یا یونیورسٹیوں میں گرفتاریوں کے کم از کم 50 واقعات ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں:

فلسطین کے حق میں طلبا کاگرمی کی چھٹیوں میں بھی احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

تازہ ترین پولیس کارروائیوں میں مظاہروں کے گڑھ نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی سے 100 گرفتاریاں ہوئیں۔ اسی طرح ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کی کیلی فورنیا یونیورسٹی میں پولیس نے جعمرات کو کارروائی کرتے ہوئے 210 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب ویڈیو فوٹیج میں غزہ میں فلسطینیوں کی حمایت میں سیئٹل میں واشنگٹن یونیورسٹی کے کیمپس اسکوائر میں سے ایک کیمپس میں طلباء کی طرف سے لگائے گئے کیمپ کو دکھایا گیا تھا، مظاہرین نے یونیورسٹی سے بوئنگ کے علاوہ اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

مظاہرین نے اپنے دفاع کے اسرائیل کے حق کی حمایت کرنے والے صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں خونریزی کو روکنے کے لیے مزید اقدامات کریں اور اسرائیلی حکومت کی حمایت کرنے والی کمپنیوں سے علیحدگی اختیار کریں۔

ایک عینی شاہد کی طرف سے لی گئی ویڈیو فوٹیج میں پورٹ لینڈ اسٹیٹ یونیورسٹی میں مظاہرین کو پولیس سے آمنا سامنا بھی کرتے دکھایا گیا۔

پورٹ لینڈ پولیس بیورو کے مطابق تصادم کے دوران کم از کم 12 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں چار طالب علم بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیل سے منسلک کمپنیوں سے سرمایہ کاری کی واپسی کا مطالبہ کرنے والے مظاہرے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران متعدد امریکی یونیورسٹیوں میں پھیل چکے ہیں۔

خیال رہے کہ نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی امریکہ کی وہ پہلی درس گاہ ہے جہاں فلسطینیوں کے حق میں طالب علموں کے مظاہرے شروع ہوئے تھے اور اب یہ سلسلہ ملک کی بہت سی یونیورسٹیوں تک پھیل چکا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top