جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

چین میں دریا پر تعمیر پل گرنے سے 12 افراد ہلاک، 30 سے زائد لاپتہ

20 جولائی, 2024 09:00

چینی سرکاری نشریاتی ادارے  کے مطابق چین کے شمالی صوبے شانسی میں ایک پل جزوی طور پر منہدم ہونے سے 12 افراد ہلاک اور 31 لاپتہ ہوگئے ہیں۔

چینی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ شنگلو شہر کی ژشوئی کاؤنٹی میں پل کا ایک حصہ جمعے کی شام حالیہ بارشوں اور اچانک سیلاب کے بعد منہدم ہو گیا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے مقامی میڈیا کے حوالے سے خبر دی ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے ہفتے کے روز امدادی کارروائیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سیلاب پر قابو پانے کے لیے انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔

چین کے کچھ حصوں کو تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے چند ہفتے قبل ہی کم بارشوں اور شدید درجہ حرارت نے خشک سالی کی صورتحال پیدا کردی تھی۔

سرکاری میڈیا کے مطابق ہفتہ کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے تک 17 کاریں اور 8 ٹرک ندی میں گرنے کے بعد تلاش اور بچاؤ کا کام جاری تھا۔

چین کی نیشنل فائر اینڈ ریسکیو اتھارٹی نے ہفتے کے روز کہا کہ اس نے تقریبا 900 افراد، 90 گاڑیوں، 20 کشتیوں اور 41 ڈرونز پر مشتمل ایک امدادی ٹیم روانہ کی ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق ہمسایہ صوبہ ہینان میں سیلاب کے نتیجے میں صوبے بھر میں ایک لاکھ سے زائد افراد کو ان کے گھروں سے نکال لیا گیا ہے جبکہ ایک شخص کو بچا لیا گیا ہے۔

سی سی ٹی وی نے مقامی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے حوالے سے خبر دی ہے کہ جنوب مغربی صوبہ سیچوان میں ہفتے کی علی الصبح ہنیوآن کاؤنٹی کے ایک گاؤں میں اچانک آنے والے سیلاب کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق رات ڈھائی بجے کے قریب اچانک سیلاب آیا جب بہت سے لوگ سو رہے تھے اور گھروں، سڑکوں اور پلوں کو نقصان پہنچا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top