جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

سب کو مل کر فسطائیت کا مقابلہ کرنا ہوگا : وزیر اعظم کا پارلیمانی پارٹی سے خطاب

03 اپریل, 2023 15:44

اسلام آباد : شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کو معاشی دلدل میں پھنسا دیا، عمران خان نے پاکستان کی ساکھ داؤ پر لگا دی، ان کے دور میں ججوں کو دھمکیاں ملیں، ان شاءاللہ وقت بدلے گا، سب کو مل کر فسطائیت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ آپ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کو بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک کو مشکل حالات سے نکالا۔ حالات گھمبیر ہیں، لیکن ہماری نیت صاف ہے، ان انشاءاللہ حالات بہتر ہوں گے۔ وقت آئے گا حالات بدل جائیں گے، یہ میرا ایمان ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے وفاقی حکومت کے ہاتھ پاؤں باندھے ہوئے ہیں۔ 10 کروڑ غریب خاندانوں کو مفت آٹا فراہم کرنے کا آغاز کیا۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں غریبوں کو رمضان میں مفت آٹا فراہم کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی پیشگی شرائط مان لی گئی ہیں۔ پچھلی حکومت کے آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے مہنگائی کی لہریں آ رہی ہیں۔ آخری شرط پر بات چیت جاری ہے، برادر ممالک پاکستان کی بڑی مدد کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں 2014 سے 2018 تک پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن تھا۔ ملک کو سیلاب کی تباہ کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ 100 ارب روپے صرف وفاق سے سیلاب متاثرین کو دئیے گئے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کو معاشی دلدل میں پھنسا دیا۔ دوست ممالک کے خلاف سابق حکمرانوں نے بدزبانی کی۔ چین کے منصوبوں پر سنگین الزامات لگائے گئے۔ عمران اور حواریوں نے کہا کہ چین کے منصوبوں میں 45 فیصد کرپشن ہوئی۔ چین نے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی اور اسی مددگار دوست پر بھونڈے الزامات لگائے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : سیاسی و معاشی عدم استحکام کا سامنا ہے، ہمیں صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا : وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تجارت شروع کرنے کا جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے، جو قابل مذمت ہے۔ ایک انفرادی شخص کا حکومت پاکستان کی پالیسی سے کیا تعلق؟ فلسطینیوں کو حق ملنے تک پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر کاربند رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کو مشکلات میں مبتلاء کیا، پاکستان کی ساکھ داؤ پر لگا دی۔ عمران خان نے سخت ترین شرائط پر آئی ایم ایف پروگرام پر دستخط کئے، پھر خود خلاف ورزی کرکے اس پروگرام کو معطل کر دیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف پروگرام ناکام بنانے کی سازش کی، عمران خان کے وزیر رنگے ہاتھوں سازش کرتے پکڑے گئے۔ عمران خان دور میں ججوں کو دھمکیاں ملیں، ریفرنس دائر ہوئے۔

شہباز شریف نے پارٹی ارکان کے عزم وہمت اور وفاداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست بچانے کے لئے سیاست قربان کر دی۔ پاکستان بچ گیا تو سب خیر ہے۔ پاکستان کو ضعف پہنچے تو ہم سب نقصان میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان شاءاللہ وقت بدلے گا، نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔ معاشی بہتری کے لئے سیاسی استحکام لازم ہے۔ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والے کو عدالت سے دن رات ریلیف مل رہا ہے۔ ہماری قیادت اور ارکان کے ساتھ رویہ کچھ اور تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی اہلیہ عوامی نمائندہ اور سرکاری عہدیدار نہیں تھیں تو مریم نواز شریف کے پاس کون سا عہدہ تھا؟ یہ ترازو کے پلڑوں کا فرق ہے۔ پاکستان آج حقیقت میں تاریخ کے نازک ترین موڑ سے گزر رہا ہے۔ سب کو مل کر فسطائیت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ آپ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دعا ہے کہ میری زندگی میں ملک معاشی تنگ دستی سے نکل آئے یا کم ازکم اس میں بڑی حد تک بہتری آ جائے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے مشکل ترین حالات میں قائد محمد نواز شریف اور پارٹی کا ڈٹ کر ساتھ دیا۔ مشکل ترین حالات میں چٹان بن کر پارٹی اور قیادت کے ساتھ کھڑے رہے، آپ پر فخر ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top