مقبول خبریں
مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور بجلی بم گرانے کا فیصلہ
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ستمبر 2024 سے شروع ہونے والے اگلے تین ماہ کے لیے 1.743 روپے فی یونٹ اضافی چارج کی منظوری دے دی۔
بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے تقسیم کار کمپنیاں اور کے الیکٹرک مالی سال 2023-24 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ (اپریل تا جون) کے ذریعے 43.23 ارب روپے وصول کر سکیں گی۔
نیپرا کے فیصلے سے سرکاری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور کے الیکٹرک دونوں کے صارفین متاثر ہوں گے۔
صارفین 21 ارب سے زائد رقم کے علاوہ سسٹم یوسیج چارجز اور مارکیٹ آپریٹر فیسوں کی مد میں 7.368 ارب روپے، ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن (ٹی اینڈ ڈی) نقصانات کے اثرات کی مد میں 11.23 ارب روپے اور متغیر آپریشن اور مینٹیننس چارجز کی مد میں 3.5 ارب روپے ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ مجموعی ریکوری رقم پر 18 فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ سے بوجھ میں مزید 7 ارب 78 کروڑ روپے کا اضافہ ہوگا جس سے صارفین سے وصول کیے جانے والے مجموعی روپے 51 ارب روپے تک پہنچ جائیں گے۔