مقبول خبریں
ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر کی مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت

انقرہ : ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر نے بھی مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کی حمایت کردی ہے، مصطفیٰ سینٹوپ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سیکڑوں لوگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر مصطفیٰ سینٹوپ نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کا ساتھ دینا ترکی کی ذمہ داری ہے۔
ترک پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر مصطفی سینٹوپ نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ترکی اس مسئلے پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان ترکی اور ملائیشیا کا انگریزی چینل کھولنے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ ترک قوم جنگ آزادی کے دوران ہندوستانی مسلمانوں کی مدد کو نہیں بھول سکی اور نہ ہم نے اس دوستی کو بھلایا ہے۔
واضح رہے کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب ادوان نے کہا تھا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر توجہ دینے میں ناکام رہے جو 72 برسوں سے حل طلب ہے۔ جنوبی ایشیا کی سلامتی و استحکام کو مسئلہ کشمیر سے جدا نہیں کیا جاسکتا ہے۔
طیب اردوان نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ‘کشمیر یوں کو اپنے ہمسایہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ محفوظ مستقبل بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اس مسئلے کو تصادم کے بجائے مذاکرات، انصاف اور برابری کے ذریعے حل کیا جائے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے باوجود خطہ زیرتسلط ہے اور 80 لاکھ افراد کشمیر میں پھنسے ہوئے ہیں’۔
خطے کی سلامتی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘افغانستان میں تقریباً چار دہائیوں سے حملوں، تنازعات اور دہشت گردی کے واقعات سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہوا’۔
خیال رہے کہ ترک صدر نے 5 اگست کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کی مذمت کی تھی جہاں گزشتہ دو ماہ سے کشمیری بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔