جمعرات، 20-مارچ،2025
جمعرات 1446/09/20هـ (20-03-2025م)

مقبوضہ کمشیر : مظلوم کشمیریوں پر نظر رکھنے کے لیے ڈرون طیاروں کا استعمال کیا جائے گا

04 اکتوبر, 2019 15:43

سری نگر : مقبوضہ کشمیر سخت کرفیو میں بھارتی فوج کی جارحیت تاحال برقرار ہے، مظلوم کشمیریوں پر نظر رکھنے کے لیے اب ڈرون طیاروں کا استعمال کیا جائے گا۔

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاون تیسرے مہینے میں داخل ہوگیا ہے۔ کشمیریوں کے مظاہروں اور آزادی پسندوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کیلئے نئی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔

بھارتی پولیس اور فوج کو رواں سال کے آخر تک جدید ٹیکنالوجی سے لیس 50 ڈرون طیارے فراہم کئے جائیں گے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے لیے بڑی تعداد میں ڈرون طیاروں کی خریداری کی پہلے ہی منظوری دی جا چکی ہے۔

اس سے قبل پولیس معلومات کے حصول کے لیے بھارتی فوج کے متعلقہ یونٹ سے مدد حاصل کرتی تھی، اب پولیس کے پاس اپنے ڈرون ہوں گے۔

جنہیں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں تعینات کیا جائے گا اور پولیس اہلکاروں کو ان کے استعمال کی تربیت دی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے ایڈیٹوریل بورڈ نے مسئلہ کشمیر پر اداریہ شائع کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویداروں نے اپنے ہی ملک میں مارشل لاء لگا رکھا ہے۔

اخبار نے لکھا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو اب مزید نظر انداز نہیں کر سکتا اور بھارت کے اقدام نے دو جوہری طاقتوں کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔

امریکی اخبار نے مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں مظلوموں کی آواز بنتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر اداریہ شائع کیا تھا۔ جسے سراہا گیا۔

اخبار نے لکھا کہ ہندو انتہا پسند بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرکے چار ہزار سے زائد سیاسی رہنماؤں، وکلاء اور صحافیوں کو گرفتار کیا ، ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی لگائی اور کرفیو سمیت کشمیریوں پر مسلسل تشدد کی راہ اختیار کی۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق نریندر مودی نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا ذکر تک نہیں کیا، لیکن ہیوسٹن میں بھارتی تارکین وطن سے تقریر کے دوران اس اقدام کو مقبوضہ کشمیر کی ترقی قرار دیا، جو مضحکہ خیز بات ہے، درحقیقت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویداروں نے اپنے ہی ملک میں مارشل لاء لگا رکھا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top