مقبول خبریں
مقبوضہ کشمیر میں مسلسل اٹھاون ویں روز بھی کرفیو جاری

سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں مسلسل اٹھاون ویں روز بھی کرفیو جاری ہے۔ چار روز میں بارہ سے زائد نہتے کشمیریوں کی روشن آنکھوں کو پیلٹ گنز نے ہمیشہ کے لیے اندھیرے میں تبدیل کر دیا ہے۔
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جارحیت کا سلسلہ اٹھاون ویں روز بھی جاری ہے۔ مقبوضہ وادی کے لوگ آج بھی کرفیو میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
وادی میں مکمل طور پر لاک ڈاون کا سلسلہ جاری ہے۔ مواصلات کا نظام معطل ہونے سے مقبوضہ وادی سے نئی خبریں نہ آرہی ہیں اور نہ ہی جارہی ہیں۔
قابض انتظامیہ نےعلاقے میں ٹیلی فون سروس بھی بند کر رکھی ہے اور ذرائع ابلاغ پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو، لاک ڈاون اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کے پاس کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات ختم ہوچکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مسئلہ کشمیر پر ایکشن لینے کا وقت آگیا ہے : عمران خان
خوراک کی قلت کے باعث سیکڑوں لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔ دواؤں اور صحت کی سہولیات نہ ہونے سے روزانہ کئی لوگ زندگی اور موت کی کشمش میں رہتے ہیں۔
گزشتہ چار روز میں بارہ سے زائد نہتے کشمیریوں کی روشن آنکھوں کو پیلٹ گنز سے ہمیشہ کے لیے اندھیر کردیا گیا ہے۔
مقبوضہ وادی میں بھاری تعداد میں افواج موجود ہیں مگر انھی پابندیوں کو توڑتے ہوئے کشمیریوں نے حق آزادی کے نعرے دیواروں اور شٹروں پر اسپرے گن سے تحریر کردیے ہیں۔
وادی میں مختلف مقامات پر کشمیری عوام نے قید و بند اور کرفیو کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے آزادی کا پرچم بلند کیا۔
نظر بند بزرگ حریت رہنماء سیدعلی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری اپنی شناخت، مذہب اور وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی بے مثال قربانیاں رنگ لائیں گی، وادی میں جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔
کشمیریوں کے نام اپنے پیغام میں سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ کشمیر، جموں اور لداخ کے لوگ آہنی طاقت کے ساتھ متحد رہیں، کشمیری سیاستدان کشمیری عوام کے خلاف بھارت کے مذموم عزائم کا ساتھ نہ دیں۔