مقبول خبریں
نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کون ہیں؟
راولپنڈی: لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کو انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔
30 ستمبر کو آئی ایس آئی کے موجودہ سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی جگہ لیں گے جنہیں سابق وزیر اعظم عمران خان نے 2021 میں تعینات کیا تھا۔
ملٹری ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بہت تجربہ رکھتے ہیں، وہ اس سے قبل بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کی کمان کر چکے ہیں۔
مزید پڑھیں:لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک نئے ڈی جی آئی ایس آئی تعینات
ان کے فوجی کیریئر کو امتیازی حیثیت حاصل ہے، جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی سے گریجویشن کے بعد باوقار سورڈ آف آنر کی وصولی بھی شامل ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف ملٹری آپریشنز جیسے کلیدی آپریشنل کرداروں میں بھی خدمات انجام دیں۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کون ہیں؟
لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک پاک فوج کی 10 ویں کور کے سابق کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل غلام محمد ملک کے بیٹے ہیں۔ 1995 میں ریٹائرمنٹ کے بعد سے لیفٹیننٹ جنرل غلام ملک نے اپنی زندگی فلاحی کاموں کیلئے وقف کر دی اور پاکستان بھر میں پسماندہ افراد کیلئے ہسپتالوں اور طبی سہولیات کی تعمیر کے لیے قائدانہ کوششیں کیں۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے آپریشنل کمانڈ کے کردار کے علاوہ معروف اداروں سے اعلیٰ عسکری تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں مشہور فورٹ لیون ورتھ اور برطانیہ میں رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز کے گریجویٹ ہیں۔
انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں چیف انسٹرکٹر اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں انسٹرکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
روایتی طور پر سربراہ آئی ایس آئی کا تقرر وزیر اعظم آرمی چیف کی سفارش پر کرتے ہیں،جو عام طور پر تین سینئر افسران کی شارٹ لسٹ فراہم کرتے ہیں۔ 1971 ء سے یہ عہدہ پاک فوج کے ایک تھری اسٹار جنرل کے پاس ہے۔
خیال رہے کہ آئی ایس آئی کے سربراہ براہ راست وزیر اعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف دونوں کو رپورٹ کرتے ہیں۔