مقبول خبریں
ویڈیو: ترک پارلیمنٹ میں اراکین کیوں لڑ پڑے؟
انقرہ: ترک پارلیمنٹ کے آج ہونے والے اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے درمیان جھگڑے میں لاتوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال ہوا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی جانب سے جاری کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اپوزیشن کے رکن پارلیمنٹ احمد سک تقریر کررہے ہیں جس دوران حکومتی اراکین ان کی جانب بڑھتے ہیں۔
حزب اختلاف کے ایک قیدی رکن پارلیمنٹ کے حوالے سے اجلاس کے دوران ارکان آپس میں لڑ پڑے اور ایک دوسرے کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس سے دو ارکان پارلیمنٹ زخمی ہوگئے۔
جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب حکمراں جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمان الپائے اوزلان نے حزب اختلاف کے رکن پارلیمان احمد سک کو گھونسا مارا۔ یہ اس وقت ہوا جب احمد سک حراست میں لیے گئے رکن پارلیمان کین اٹالے کے حوالے سے حکومت پر تنقید کر رہے تھے۔
یہ ہاتھا پائی تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی۔ اپوزیشن کے کم از کم دو نمائندے آنکھوں میں گھونسے لگنے سے معمولی زخمی ہوئے۔ مقامی میڈیا کی طرف سے نشر کی گئی تصاویر کے مطابق فرش بھی خون کے قطروں سے آلودہ ہوگیا۔
اپریل 2022 میں منتخب ہونے والے وکیل کو مظاہروں کے ذریعے 2013 میں حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے 18 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اٹالے کے ساتھ تاجر عثمان کاولا کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
واضح رہے اٹالے مئی 2023 میں جیل کی کوٹھڑی سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوگئے تھے تاہم جنوری میں ان سے پارلیمانی مینڈیٹ چھین لیا گیا تھا۔