مقبول خبریں
ایکس میں انتہائی اہم فیچر متعارف کرائے جانے کا امکان
معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی جانب سے اہم فیچر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
ایلون مسک کی ملکیت والا سوشل میڈیا پلیٹ فارم اب ویڈیو کانفرنسنگ ٹول کے ذریعے زوم، گوگل میٹ اور مائیکروسافٹ ٹیمز جیسی سروسز کا مقابلہ کرنا چاہتا ہے۔
ایکس کے ایک عہدیدار کرس پارک کے مطابق ویڈیو کانفرنسنگ ٹول کو گزشتہ چند دنوں میں کمپنی کی اندرونی کانفرنس کے دوران آزمایا گیا تھا۔
ایک ایکس پوسٹ میں کرس پارک نے بتایا کہ کمپنی کے لئے کام کرنے والوں کی طرف سے ویڈیو کانفرنسنگ ٹول پر ابتدائی ردعمل کافی مثبت رہا ہے جب کہ ایپ ویڈیو کانفرنسنگ کے لئے مختلف خصوصیات پر کام کرے گی۔
ایکس کے مالک ایلون مسک نے کرس پارک کی پوسٹ پر فائر ایموجی کے ساتھ ردعمل کا اظہار کیا، جسے نئے فیچر کی باضابطہ تصدیق سمجھا جا سکتا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق صارفین دیگر ویڈیو کانفرنسنگ سروسز کی طرح ایکس پر بھی فوری طور پر نئی ویڈیو میٹنگز شروع یا شیڈول کرسکیں گے۔
اس فیچر کے تحت میزبان ہر ویڈیو میٹنگ کے لیے ایک منفرد کوڈ سیٹ کر سکیں گے جس کی مدد سے دیگر افراد ویڈیو کانفرنس کا حصہ بن سکیں گے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے ایکس یہ فیچر صارفین کے لیے کب متعارف کرائے گا اور یہ کہنا بھی قبل از وقت ہوگا کہ اس فیچر سے تمام صارفین مستفید ہوں گے یا صرف ماہانہ فیس ادا کرنے والے افراد اس کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔